نئی دہلی: کورونا وبا کی وجہ سے جب ملک کی معیشت کا پہیہ تھم سا گیا ہے اور بیشتر لوگوں کو مالی دشواریوں کا سامنا ہے، ایسے میں ریلائنس انڈسٹریز نے اپنے نصب العین’ ریلائنس میں ملازمین اور ان کے خاندان سب سے پہلے‘ کو آگے بڑھاتے ہوئے اور ’ ایک ریلائنس پریوار‘ کے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اپنے ملازمین کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز نے کورونا وبا کی زد میں آنے والے اپنے تمام ایسے متوفی ملازمین کے لئے جو پے ۔ رول پر نہیں تھے، ان کے لواحقین کو 10لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز نے آج اعلان کیا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والے ملازمین کے سبھی بچوں کی گریجویشن تک کی تعلیم پر آنے والا 100 فیصد خرچ کمپنی برداشت کرے گی۔ کمپنی متوفی ملازمین کے خاندان کو 5 سال کی تنخواہ دے گی۔ اس کے علاوہ ریلائنس انڈسٹریز نے ملازمین کی شریک حیات، والدین اور بچوں کو زندگی بھر میڈیکل کوریج دینے اور سبھی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے ویکسین کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
Published: undefined
ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے اپنے تمام ملازمین کو لکھے ایک مکتوب میں انہیں بھروسہ دلایا کہ ایک ریلا ئنس پریوار کے طور پر مصیبت کی اس گھڑی میں کمپنی ان کے ساتھ ہے۔ انہو ں نے کہا حالانکہ وقت مشکل ہے، ہمیشہ یہ ضرور یاد رکھیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ریلائنس پریوار ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔ ایک ٹیم کے طور پر اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لئے ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ہم اس وقت تک اس وباء کے خلاف لڑتے رہیں گے جب تک ہم اس کے خلاف لڑائی جیت نہیں جاتے۔ ریلائنس فاونڈیشن کی چیئرپرسن نیتا ایم امبانی نے اپنے تمام ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد کے جذبہ کے ساتھ ہم ہار نہیں مانیں گے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دن ہمارے لئے بہتر ہوں گے۔ جب تک بہتر دن نہیں آتے ہمیں مصیبت زدہ خاندانوں کے لئے دعا کرنی چاہیے۔ آیئے ایک دوسرے کی مدد کے سلسلے کو جاری رکھیں اور بہتر مستقبل کے لئے پرامید رہیں۔
Published: undefined
غور طلب ہے کہ کورونا کے اس دور میں ریلائنس انڈسٹریز اپنے ملازمین کے علاوہ ملک کے عام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی سرگرم ہے۔ اس وقت ملک میں کل آکسیجن پیداوار کا 11 فیصد صرف ریلائنس بنا رہا ہے۔ ریلائنس ہر روز کی 1000 میٹرک ٹن آکسیجن بنا رہا ہے جو 1لاکھ کورونا مریضوں کو ہر دن سانسیں دینے کے لئے معقول ہے۔ یہ آکسیجن پوری طرح سے مفت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر اور گجرات میں ریلائنس فاونڈیشن نے 1875 کووڈ بستروں کا انتظام بھی کیا ہے۔ یہ انتظام بھی عوام کے لئے بالکل مفت ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined