قومی خبریں

فڑنویس حکومت میں چوہا گھوٹالہ

اب وقت آگیا ہے کہ منترالیہ کو ان چوہوں سے خالی کرایا جائے : ادھوٹھاکرے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا علامتی تصویر

ممبئی: منترالیہ میں ایک ہفتے میں تین لاکھ سے زائد چوہوں کے ہلاک کرنے کے ایک گھوٹالے میں پھنس گئی ریاست کی دیویندر فڑنویس سرکار کو شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکرے نے نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ منترالیہ کو ان چوہوں سے خالی کرایا جائے اور ریاست کے عوام کو آئندہ اسمبلی انتخاب میں پنچرے لگا کر ان بدعنوان رہنماؤں کو بے دخل کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بی جے پی کے سابق وزیر ایکناتھ کھڑسے نے ہی اس چوہے مارگھوٹالے کا پردہ فاش کرتے ہوئے فڑنویس حکومت کو کشمکش میں مبتلا کردیا ہے ۔ریاستی حکومت اس سلسلہ میں کچھ کہہ نہیں پارہی ہے کیونکہ ایک آرٹی آئی سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ منترالیہ سے چوہے ختم کرنے کے لیے جو ٹھیکہ دیا گیا ہے ،اس کے ٹھیکہ دار نے دعویٰ کیا ہے کہ محض ایک ہفتے میں تین لاکھ سے زائد چوہوں کو ماردیا گیا جوکہ ناممکن نظرآتا ہے اور اس بات پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں کہ اتنی بری مقدار میں زہر یلی دوا منترالیہ میں کیسے لائی گئی،کیونکہ اس کی پابندی عائد ہے۔

اطلاع کے مطابق محض ایک ہفتے میں تین لاکھ 19ہزار 400چوہے مارنے کا ٹھیکہ دار نے دعویٰ کیا ہے جس پر ادھوٹھاکرے نے شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا میں بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ،انہوں کہا کہ چوہوں کو کسانوں کا دوست کہا جاتا رہا ہے ،لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ بدعنوان سیاستدانوں نے انہیں اپنا دوست بنالیا ہے اور یہ ایک سنگین معاملہ ہے کہ چوہے مارنے کے سلسلہ میں اتنا بڑا گھوٹالہ کیا گیا ہے۔

Published: 24 Mar 2018, 1:59 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 24 Mar 2018, 1:59 PM IST