جموں: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ہندوستانی فوج کا ایک جوان جاں بحق ہوگیا ہے۔ جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہفتے کی علی الصبح ایل او سی پر راجوری سیکٹر میں بلا اشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ دشمن کی فائرنگ سے سپاہی روہن کمار شدید طور پر زخمی ہوگئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
Published: undefined
دفاعی ترجمان نے کہا کہ سپاہی روہن کمار ایک بہادر اور مخلص فوجی تھے۔ قوم ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور سال رواں کے اوائل سے جاری کورونا وبا کے باوصف بھی بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مشکل بن گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سال رواں کے دوران اب تک طرفین کے درمیان سرحدوں پر گولہ باری کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined