قومی خبریں

شرد پوار کے اعلان کے بعد این سی پی میں استعفوں کی بارش، تھانے کی پوری اکائی مستعفی

شرد پوار کے ایک حامی نے انہیں خون سے ایک خط لکھا ہے جس میں انہیں صدر کے عہدے پر برقرار رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

شرد پوار، تصویر آئی اے این ایس
شرد پوار، تصویر آئی اے این ایس 

شرد پوار نے 1999 میں این سی پی کی تشکیل کی تھی۔ وہ گزشتہ 24 سالوں سے پارٹی کے قومی صدر تھے۔ لیکن اب انہوں نے بیچ میں ہی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ لیکن پوار کے استعفیٰ پرابھی سسپنس برقرار ہے۔ دراصل خود پارٹی کے کچھ رہنما اب ان پر استعفیٰ واپس لینے اور پارٹی کی کمان اپنے پاس رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، ایسے میں شرد پوار نے غور کرنے کے لیے 2 سے 3 دن کا وقت مانگا ہے۔ اس درمیان پارٹی کے سینئر رہنما جتیندر اوہاڈ  نے استعفی دے دیا ہے اور خبر ہے کہ ٹھانے کی این سی پی کی پوری اکائی مستعفی ہو گئی ہے۔

Published: undefined

پارٹی لیڈر چھگن بھجبل نے  اس بیچ نیا فارمولا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی  شرد پوار کو منانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اگر وہ راضی ہوجاتے ہیں تو وہ صدر رہیں گے۔ لیکن اگر وہ راضی  نہ ہوئے تو کمیٹی اجلاس کر کے نئے صدر کا فیصلہ کرے گی۔ تاہم، چھگن بھجبل نے کہا کہ وہ  چاہتے ہیں کہ سپریا سولے قومی صدر بنیں جو  ملک بھر میں پارٹی کا کام دیکھیں اور اجیت پوار کو مہاراشٹر میں این سی پی کی کمان  دے دی جائے۔

Published: undefined

مہاراشٹر میں این سی پی کے کارکنان اور حامی صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے شرد پوار کے فیصلے سے افسردہ ہیں۔ وہ شرد پوار سے اپنا فیصلہ بدلنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ کچھ کارکن دھرنے پر بھی بیٹھ گئے ہیں۔ این سی پی کارکن سندیپ کالے نے اپنے خون سے شرد پوار کو خط لکھا ہے۔ سندیپ نے لکھا،’ سر، آپ کا یہ فیصلہ کسی کو قبول نہیں ہے۔ اس صدمے سے ہم یتیم ہو گئے ہیں۔ شرد پوار، آپ ہمارے خدا، ہمارے آئیڈیل ہیں۔ استعفیٰ دینے کا فیصلہ واپس لینے کے لیے میں آپ کو یہ خط لکھ رہا ہوں۔‘

Published: undefined

دوسری جانب شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے نے صبح  فیس بک لائیو کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کرناٹک انتخابات میں مہم چلانے سے پہلے میں نے صبح کی سیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران میری ملاقات بی ایم سی کے صفائی کارکن سندیش پوار سے ہوئی۔ سندیش نے بتایا کہ انہوں نے کل ٹی وی پر شرد پوار کے فیصلے کے بارے میں دیکھا اور انہیں بہت برا لگا اور پوار صاحب کو فیصلہ واپس لینا چاہئے۔ سپریا سولے نے شرد پوار کے لیے ان کی بے پناہ حمایت اور پیار کے لیے سندیش پوار کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined