سرینگر: وادی کشمیر میں جہاں 19 جنوری سے برف باری اور بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے، وہیں جموں خطہ میں پیر اور منگل کی درمیانی رات سے موسلادھار بارش ہورہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بدھ سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔
دریں اثنا جموں کے ضلع ریاسی میں ترکوٹہ پہاڑیوں پرواقع ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر پربھون سے بھیرون گھاٹی اور کٹرہ۔ سنجی چاٹ جانے والی روپ وے سروس اور ہیلی کاپٹر سروس کو بھی منگل کے روز ہوئی تازہ برف باری کے پیش نظر معطل رکھا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر پرمنگل کی صبح سے ہورہی برف باری کے پیش نظر روپ وے سروس اور ہیلی کاپٹر سروس کو بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر بحسن وخوبی سفر (یاترا) انجام دے رہے ہیں تاہم انہیں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کے پش نظر کہا گیا ہے کہ وہ احتیاط سے سفر کریں۔ ادھر خراب موسمی حالا ت کے پیش نظر اودھم پور کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے علاقے میں تمام اسکولوں کوبند رکھنےکا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
Published: undefined
محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر جموں خطہ میں موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ وادی میں 19 جنوری سے وقفہ وقفہ سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم منگل کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری متوقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں گذشتہ کئی روز سے مطلع لگاتار ابر آلود رہنے کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔
کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز لگاتار دوسرے دن بھی ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined