قومی خبریں

کشمیر میں ساڑھے تین ماہ بعد سری نگر تا بانہال ریل خدمات بحال

سال 2016 میں معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی میں ریل سروس کم وبیش نصف سال تک معطل رہی تھی

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا 

وادی کشمیر میں 105 دنوں کے طویل عرصے کے بعد اتوار کے روز سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال تک ریل خدمات بحال کی گئیں۔ قبل ازیں 12 نومبر کو سری نگر سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ تک ریل خدمات بحال کی گئی تھیں۔

Published: undefined

وادی کشمیر میں چار اگست سے ریل سروس معطل تھی کیونکہ ایک روز بعد یعنی پانچ اگست کو مرکزی حکومت کی طرف سے جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی منسوخی اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے پیش نظر وادی میں مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

Published: undefined

ریلوے ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی میں معمول کی ریل خدمات بحال ہونے میں ابھی مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا: 'اگلے احکامات تک بارہمولہ سے بانہال تک صرف دو ریل گاڑیاں چلیں گی۔ صورتحال میں مزید بہتری کے ساتھ ہی ریل گاڑیوں میں اضافہ کیا جائے گا اور معمول کی ریل خدمات بحال کی جائیں گی'۔

Published: undefined

ذرائع نے بتایا کہ وادی میں ریل سروس کو سیول و پولیس انتظامیہ کے احکامات کے تحت لوگوں، ریلوے عملے اور املاک کے تحفظ کے پیش نظر معطل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریل سروس بند رہنے سے لوگوں کو درپیش مشکلات کا محکمے کو از حد احساس ہے اور محکمہ لوگوں کی خدمت کو ہر حال میں یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدام کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں ریل سروس بند ہونا کوئی نئی یا اچھنبے کی بات نہیں ہے، سال 2016 میں معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی میں ریل سروس کم وبیش نصف سال تک معطل رہی تھی علاوہ ازیں وادی میں حالات خراب ہوتے ہی ریل سروس کو بند کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

وادی میں سفر کرنے کے لئے سب سے سستا اور موثر ذریعہ متصور کئے جانے والے ریل سروس سے روزانہ بنیادوں پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ بالخصوص سرکاری ملازمین، طلبا و تجار استفادہ کرتے ہوئے وقت کے ساتھ ساتھ پیسے بھی بچاتے ہیں۔ جموں کا سفر کرنے والے مسافر بھی سری نگر سے بانہال تک ریل سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ ریل سروس ساڑھے تین ماہ تک لگاتار بند رہنے کے باعث انہیں گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ ایک سرکاری ملازم نے کہا کہ ریل سروس کے ذریعے سفر کرنے سے میں نہ صرف دفتر وقت پر پہنچتا تھا بلکہ گھر واپس بھی پہنچتا تھا لیکن جب سے ریل سروس بند ہوئی تو مجھے ڈیوٹی پرپہنچنے کے لئے علی الصبح ہی گھر سے نکلنا پڑتا ہے اور میں رات گئے گھر واپس پہنچتا ہوں۔

Published: undefined

صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے گزشتہ ہفتے محکمہ ریلوے کو ہدیات جاری کی تھیں کہ دس نومبر کو ریل سروس کی سری نگر تا بارہمولہ ٹرائیل رن کی جائے اور گیارہ نومبر سے سروس کو باقاعدہ اور مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے لیکن ٹریک پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹرائیل رن دس نومبر کے بجائے گیارہ نومبر کو ہی ممکن بن گیا تھا۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی طرف سے 6 نومبر کو جاری ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ 11 نومبر کو سری نگر کے نوگام اسٹیشن سے بارہمولہ تک ریل خدمات شروع ہوں گی۔ ریلیز میں مزید کہا گیا تھا کہ 16 نومبر کو سری نگر سے اننت ناگ تک آزمائشی طور ریل خدمات چلائی جائیں گی جبکہ 17 نومبر تک بانہال تک ریل سروس چلائی جائے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined