نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی پیر کے روز پوچھ گچھ کے لئے جاری کئے گئے نوٹس پر عمل کرتے ہوئے ’کل ہند کانگریس کمیٹی‘ کے دفتر سے ’ای ڈی‘ (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کے دفتر پہنچے۔ اس دوران کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی، اعلیٰ رہنما اور ارکان ان کے ساتھ موجود تھے۔
Published: undefined
دہلی پولیس نے کانگریس دفتر پر زیادہ لوگوں کو جمع ہونے سے روکنے کے لئے 24، اکبر روڈ یعنی کل ہند کانگریس کمیٹی کے دفتر کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے صرف 200 لوگوں کو جانے کی اجازت دی تھی اور ان کی فہرست ان کے پاس تھی، جس کو دیکھ کر ہی وہ لوگوں کو اندر جانے دے رہے تھے۔
Published: undefined
کانگریس کے بہت سے ارکان بہت پہلے ہی 24 اکبر روڈ پہنچ گئے تھے جبکہ سینئر رہنما راہل اور پرینکا کے تشریف لانے تک یہاں پہنچے رہے۔ کانگریس کے سینئر رہنماؤں میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے علاوہ سی وینوگوپال، دگوجے سنگھ، سچن پائلٹ، پرمود تیواری، دیپیندر ہڈا، عمران پرتاپگڑھی، انیل چودھری، ناصر حسین، آر ایس سرجے والا، روہن گپتا، پون کھیڑا، راگنی نائک وغیرہ متعدد لیڈران موجود تھے۔ راہل گاندھی کے ساتھ جانے والے کئی کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے لیا جس میں کانگریس کی اعلی قیادت بھی شامل ہے۔
Published: undefined
قبل ازیں، کل ہند کانگریس کمیٹی کے دفتر میں صبح سے ہی زبردست چہل پہل نظر آ رہی تھی اور یہاں موجود لوگوں میں سخت غم و غصہ تھا۔ ایک جانب جہاں سیوا دل کے لوگ حکومت کے خلاف اور راہل گاندھی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے وہیں دوسری طرف انڈین یوتھ کانگریس کے بی وی شرینواس ایک علامتی پنجرا لے کر آئے تھے جس میں وہ دکھانا چاہتے تھے کہ کس طرح ای ڈی اور سی بی آئی اس پنجرے میں قید ہیں۔
Published: undefined
اس موقع پر دگوجے سنگھ کا کہنا تھا کہ حکومت ای ڈی کا بیجا استعمال کر رہی ہے اور راہل گاندھی کو ای ڈی کے ذریعہ سمن کرانا سیاسی دشمنی کی انتہا ہے۔ کانگریس کے بےباک ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس نے انگریزوں کے خلاف بھی لڑائی لڑی ہے اور ملک کو آزادی دلائی ہے کانگریس ان کے خلاف بھی لڑائی لڑے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ دہلی کانگریس کے صدر انیل چودھری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کانگریس نہ تو کسی سے ڈرنے والی ہے اور نہ ہی جھکنے والی۔
Published: undefined
راجیہ سبھا کے نومنتخب رکن عمران پرتاپگڑھی، جو شروع سے ہی 24 اکبر روڈ پر نظر آ رہے تھے، انہوں نے کہا کہ کانگریس گاندھی جی کے اصولوں پر چلنے والی پارٹی ہے اور وہ کسی ای ڈی وغیرہ سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کانگریس نے آزادی کی اپنی جدو جہد یعنی ستیہ گرہ میں حصہ لیا اور انگریز جو پولیس کی آڑ لیتے تھے ان کو ملک سے نکالا اور ملک کو آزاد کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لئے یہ لڑائی نئی نہیں ہے، وہ اس حکومت کے غلط فیصلوں کے خلاف بھی ستیہ گرہ کریں گے اور ان کو اقتدار سے بے دخل بھی کریں گے۔
دریں اثنا، بڑی تعداد میں کانگریس کے ارکان ان بیریکیڈ کے باہر مظاہرہ کرتے نظر آئے جہاں سے انہیں اندر نہیں آنے دیا جا رہا تھا۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی جے کشن بھی کانگریس ورکر اور سادھو سنتوں کے ساتھ باہر مظاہرہ کرتے نظر آئے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز