قومی خبریں

یومِ جمہوریہ تقریب: راہل کو چھٹی صف میں جگہ ملی، کانگریس برہم

کانگریس صدر کو آزادی کے بعد سے ہی پہلی صف میں جگہ دی جاتی رہی ہے۔ سونیا گاندھی کو بھی بطور صدر ہمیشہ پہلی صف میں جگہ دی گئی، اس لیے راہل کو چھٹی صف میں بھیجنا مایوس کن ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا کانگریس صدر راہل گاندھی چھٹی صف میں یوم جمہوریہ تقریب کا نظارہ کرتے ہوئے

کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج راج پتھ پر منعقد 69ویں یومِ جمہوریہ تقریب میں حصہ لیا لیکن ان کو چھٹی صف میں جگہ دیے جانے پر کانگریس پارٹی میں ناراضگی ہے۔ یہ ناراضگی مزید اس لیے بڑھ گئی کیونکہ راہل گاندھی کو پہلے چوتھی صف میں جگہ دی گئی تھی اور اس پر جمعرات کو کانگریس نے مایوسی کا اظہار بھی کیا تھا۔ لیکن آج سوشل میڈیا پر چھٹی صف میں غلام نبی آزاد کے ساتھ بیٹھے کانگریس کے نومنتخب صدر راہل گاندھی کی تصویریں وائرل ہو رہی ہیں۔

راہل گاندھی کو چھٹی صف میں بٹھائے جانے کے بعد سے کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا بہت برہم نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی ناراضگی ٹوئٹر ہینڈل پر ظاہر کی۔ اپنا غصہ انھوں نے مودی حکومت پر نکالتے ہوئے لکھا ہے کہ ”مودی حکومت کی گھٹیا سیاست دنیا کے سامنے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی کو یوم جمہوریہ کے قومی تہوار پر اناپرست حکمرانوں نے ساری روایتوں کو درکنار کر کے پہلے صف میں اور پھر چھٹی صف میں قصداً بٹھایا۔ ہمارے لیے آئین کا تہوار ہی سب سے اہم ہے۔“ اس سلسلے میں وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیٹ کی تقسیم میں کسی طرح کے پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ پروٹوکول کے تحت سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کا نمبر سلسلہ وار طریقے سے نیچے آتا ہے۔ یہاں تک کہ اپوزیشن کے لیڈران کئی عزت مآب شخصیات کے پیچھے بیٹھتے ہیں۔ فی الحال لوک سبھا میں کم تعداد ہونے کی وجہ سے اپوزیشن کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔

Published: 26 Jan 2018, 3:44 PM IST

اس پورے معاملے میں کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سربراہ کو آزادی کے بعد سے ہی پہلی صف میں جگہ دی جاتی رہی ہے۔ سونیا گاندھی کو بھی بطور کانگریس سربراہ ہمیشہ پہلی صف میں جگہ دی گئی۔ 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بی جے پی سربراہ امت شاہ کو بھی ہمیشہ پہلی صف میں جگہ دی گئی ہے۔ اس لیے جب راہل گاندھی کانگریس کے صدر منتخب کیے گئے ہیں تو انھیں بھی پہلی صف میں جگہ ملنی چاہیے تھی۔

قابل ذکر ہے کہ کل جب راہل گاندھی کو چوتھے صف میں بٹھانے کی بات سامنے آئی تھی تو کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے کہا تھا کہ ”ہمیں پتہ چلا ہے کہ کانگریس سربراہ کو چوتھی صف میں ایک سیٹ دی گئی ہے جب کہ پہلے وہ یوم جمہوریہ پریڈ میں صف اول میں بیٹھتے تھے۔“ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ایسا کر کے مودی حکومت ’سستی سیاست‘ کر رہی ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ”چاہے راہل گاندھی کو جہاں بھی جگہ دی جائے، راہل گاندھی یومِ جمہوریہ تقریب میں حصہ ضرور لیں گے۔“

Published: 26 Jan 2018, 3:44 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Jan 2018, 3:44 PM IST