کانگریس صدر راہل گاندھی نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر انتخابی تشہیر کے آخری دن آج (جمعہ) وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر اعظم کے ذریعہ 15 فروری کو تریپورہ میں عوام سے کیے گئے بڑے بڑے وعدوں کو انھوں نے جھوٹا وعدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی آتے ہیں، دو تین وعدے کرتے ہیں اور انتخاب کے بعد بھول جاتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی جہاں بھی جاتے ہیں، کچھ نہ کچھ غلط وعدہ کر کے چلے جاتے ہیں۔‘‘
Published: undefined
دراصل راہل گاندھی بی جے پی کے ذریعہ 15 فروری کو تریپورہ میں منعقد تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کو نشانہ بنا رہے تھے جس میں انھوں نے وعدوں کی جھڑی لگا دی تھی۔ کل وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی کی حکومت تریپورہ میں بنتی ہے تو سبھی سرکاری ملازمین کو ساتویں تنخواہ کمیشن کے مطابق تنخواہ اور بھتہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انھوں نے غریبوں کو مفت بجلی دیے جانے کا بھی وعدہ کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کے تحت مرکزی ملازمین کی کم از کم تنخواہ 7000 روپے سے بڑھا کر 18000 روپے کر دیا گیا ہے اور فٹمنٹ فیکٹر بھی 2.57 فیصد بڑھانے کو منظوری دے دی ہے۔ نریندر مودی کے ذریعہ کیے گئے ان وعدوں پر راہل نے کہا کہ وہ تو کہیں بھی جاتے ہیں تو بغیر سوچے سمجھے بڑے بڑے وعدے کر دیتے ہیں اور پھر بھول جاتے ہیں۔
راہل گاندھی انتخابی تشہیر کے آخری دن آج تریپورہ کے کیلاشہر میں انتخابی ریلی کو خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے کسانوں اور نوجوانوں سے متعلق بی جے پی کی غلط پالیسیوں کی طرف لوگوں کی توجہ دلائی اور کہا کہ پورے ملک میں کسان پریشان ہیں اور نوجوان بے روزگاری سے نبرد آزما ہیں۔ اپنی تقریر میں راہل گاندھی نے برسراقتدار پارٹی سی پی ایم کو بھی نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس شمال مشرق میں مانک حکومت کی قیادت والی سی پی ایم حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا چاہتی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ تریپورہ میں 18 فروری کو 60 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات ہونے ہیں اور اس کا نتیجہ 3 مارچ کو آئے گا۔ کانگریس نے یہاں 56 اسمبلی سیٹوں پر اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے اور سی پی ایم اور بی جے پی کو زبردست مقابلہ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined