دسویں جماعت کی ٹاپر ریشماں نفیس اور بارہویں جماعت کی ٹاپر ہانیہ جمیل (ہیومینٹیز) کو ان کے والدین کے ساتھ 31 جولائی کو رابعہ گرلز پبلک اسکول میں اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کے ساتھ ہی 90 فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والی طالبات کو بھی اسکول نے ایوارڈ پیش کیا۔ یہ انعامات ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کر کے رابعہ گرلز پبلک اسکول کے ذریعہ دئیے گئے اور اس موقع پر ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹیز لولی واسودیو بطور مہمانِ خصوصی شریک تھیں۔
Published: undefined
پرانی دہلی کے مشہور رابعہ گرلز پبلک اسکول میں تقریب کا آغاز حسب سابق تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا اور ساتھ ہی ان آیات کا ترجمہ انگریزی میں بھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد باضابطہ ہونہار بچیوں کو ایوارڈ سے نوازنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ تقریب میں مختلف مضامین کی ٹاپرس کو بھی انعامات سے سرفراز کیا گیا اور وہ طالبات جنھوں نے پانچوں مضامین میں 75 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انھیں بھی انعامات دیئے گئے۔
Published: undefined
اس موقع پر دسویں و بارہویں جماعت میں صد فیصد حاضری والی طالبات کو سرٹیفکیٹ اور میڈل پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی اس سال دسویں جماعت کی بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ جویریہ کرمانی اور سحر پروین کو، جب کہ بارہویں جماعت کی بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ زینوبیہ صدیقی کو دیا گیا۔ علاوہ ازیں بارہویں جماعت میں ہوم سائنس اور جغرافیہ میں ہانیہ جمیل کے 100-100 نمبر لانے پر ہوم سائنس ٹیچر اور جغرافیہ ٹیچر کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ دسویں و بارہویں جماعت کی ان اساتذہ کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا جن کا ریزلٹ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال مزید بہتر ہوا۔
Published: undefined
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی لولی واسودیو نے ہونہار طالبات کی تعریف کی اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’تعلیم کے بغیر انسان کی زندگی ادھوری ہوتی ہے، بے رونق ہوتی ہے۔‘‘ اس موقع پر انھوں نے سنسکرت کا ایک دوہا بھی پڑھا جس کا لب و لباب یہ تھا کہ تعلیم کے بغیر انسان اس ہرن کی مانند ہے جس کے پاس نہ سینگ ہو نہ کستوری۔
Published: undefined
تقریب میں سکریٹری آف ہمدرد ایجوکیشن سوسائٹی ثمر حامد بھی موجود تھے۔ انھوں نے طالبات کی کردار سازی پر بہت زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کردار کے بغیر تعلیم کی کوئی حیثیت نہیں۔‘‘ تقریب میں موجود والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اگر آپ اپنے بچے کو اچھا انسان بنانا چاہتے ہیں تو اس کے کردار کو سنوارئیے۔ اس کے کردار کی بنیاد سچائی ہے۔‘‘ ثمر حامد نے والدین سے لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کی گزارش بھی کی۔
Published: undefined
اس انعامی تقریب میں ہمدرد پبلک اسکول (سنگم وہار) کی منیجر ذکیہ صدیقی اور ثمن غفور بطور مہمانِ ذی وقار موجود تھیں۔ رابعہ گرلز پبلک اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ناہید عثمانی نے تمام مہمانان کا استقبال کیا اور نائمہ خاں نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سمیہ مسعودی اور رابعہ کریم نے ادا کیے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined