مہاراشٹر میں کانگریس اور ایم وی اے اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں نے 24 اگست کو ’مہاراشٹر بند‘ کا فیصلہ ضرور واپس لے لیا ہے، لیکن کانگریس بدلاپور واقعہ پر خاموشی اختیار کرتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی۔ کانگریس لگاتار ریاستی حکومت اور بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کر رہی ہے اور این سی آر بی ڈاٹا پیش کر عصمت دری کے بڑھتے واقعات پر فکر ظاہر کر رہی ہے۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے آج بدلاپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کچھ ایسی باتیں میڈیا کے سامنے رکھیں جو حیران کرنے والی ہیں۔
Published: undefined
دراصل پریس کانفرنس کے دوران سپریا شرینیت نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’بدلاپور معاملے میں سوال پوچھا جائے گا، کیونکہ... یہ معاملہ 2 نابالغ بچیوں سے جنسی استحصال کا ہے، جس اسکول میں یہ شرمناک واقعہ پیش آیا وہاں سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں تھا، اس معاملے میں ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی تھی کیونکہ اسکول بورڈ کے لوگ بی جے پی سے جڑے ہوئے تھے۔‘‘ اس موقع پر انھوں نے این سی آر بی ڈاٹا پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر میں ہر سال 21 ہزار بچوں کا جنسی استحصال ہو رہا ہے۔ بچوں کے خلاف جنسی استحصال میں مہاراشٹر نمبر 1 ہے۔
Published: undefined
سپریا شرینیت نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ 15 اگست کو ٹھانے علاقہ میں تھے، لیکن متاثرہ بچیوں سے ملاقات تک نہیں کی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ متاثرہ بچیاں خوفزدہ تھیں، انھوں نے اسکول جانے سے منع کر دیا، لیکن وزیر اعلیٰ نے نہ تو متاثرہ بچیوں سے ملاقات کی اور نہ ہی ان کے والدین، دادا-دادی سے ملے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ کہتا ہے- 13 اگست کو 2 نابالغ بچیوں کے ساتھ اسکول میں جنسی استحصال ہوتا ہے، 16 اگست کو بچیوں کے والدین کو 11 گھنٹے تھانے میں بٹھانے کے بعد بمشکل ایف آئی آر درج کی جاتی ہے، 16 اگست کو ایف آئی آر کے بعد کسی طرح سے گرفتاری ہوتی ہے، لیکن بیان 22 اگست کو لیا جاتا ہے۔ ایسے مین عدالت نے ایک سوال پوچھا، جو ملک کی ہر بیٹی پوچھ رہی ہے، کہ– یہ سب چل کیا رہا ہے؟‘‘
Published: undefined
بدلاپور جنسی استحصال معاملے میں کانگریس کی سینئر لیڈر راگنی نایک نے بھی پریس کانفرنس کیا جو کہ ناگپور میں منعقد ہوا۔ انھوں نے بھی این سی آر بی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے حکومت اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں روزانہ 86 عصمت دری کے واقعات ہوتے ہیں۔ نابالغ بیٹیوں کے ساتھ جرم، عصمت دری اور جنسی استحصال کے واقعات میں 2019 سے 2023 کے درمیان 96 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 2021 میں ایک اعداد و شمار سامنے آیا تھا جس میں تنہا مہاراشٹر میں ہر دن 21 عصمت دری کا تذکرہ تھا۔ مہاراشٹر میں خواتین ایسے مشکل ماحول میں زندگی گزارنے کو مجبور ہیں۔ وہ نہ گھر کے اندر محفوظ ہیں، اور نہ گھر کے باہر محفوظ ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ ایم وی اے نے بدلاپور جنسی استحصال معاملہ پر ریاستی حکومت کے خلاف 24 اگست کو ’مہاراشٹر بند‘ کا اعلان کیا تھا۔ اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ کا سخت بیان سامنے آیا اور بند کو نامناسب قرار دیا گیا۔ بامبے ہائی کورٹ کے تلخ تبصرہ کے بعد کانگریس کے ساتھ ساتھ این سی پی (ایس پی) اور شیوسینا (یو بی ٹی) نے بھی ’مہاراشٹر بند‘ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کر دیا، لیکن سبھی بیک آواز بدلاپور معاملہ میں قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ شیوسینا (یو بی ٹی) نے تو 24 اگست کو 2 گھنٹے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کا اعلان بھی کر دیا ہے، جس میں پارٹی چیف ادھو ٹھاکرے بذات خود کالی پٹی باندھ کر مظاہرہ پر بیٹھیں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined