اشوک گہلوت کی حمایت میں کانگریس کے 102 ارکان اسمبلی میٹنگ میں پہنچے
راجستھان میں سیاسی بحران اس وقت ختم ہوگیا جب وزیر اعلی اشوک گہلوت اپنے 102 حامی ارکان اسمبلی کو میٹنگ میں بلانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس سے پہلے راجستھان کانگریس کے انچارج اویناش پانڈے، دہلی سے گئے اجے ماکن اور رندیپ سنگھ سرجے والا نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سچن پائلٹ اور تمام کانگریسی رہنماؤں کے لئے کانگریس اعلی کمان کے دروازہ ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خاندان کے اندرونی اختلافات ہیں اور کوئی بھی اپنے خاندان کو نقصان نہیں پہنچاتا، بلکہ بات کر کے حل نکالتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی منتخب حکومت کو گرانے کے لئے پیسہ، انکم ٹیکس، ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کرتی ہے اور کر رہی ہے۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
ٹرمپ نے پہلی بار پہنا ‘ماسک’، ناقدین نے خوب لیے مزے
کورونا بحران کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلی مرتبہ ماسک کیا پہنا، سوشل میڈیا پر ان کے میمز کی بھرمار ہوگئی ہے۔ ناقدین نے اس پر انہیں ہالی ووڈ فلموں کے نفسیاتی اور کرمنل ولین کے کرداروں سے تشبیہ دے ڈالی۔ ’میں ناں مانوں‘ کی تکرار کے بعد بالآخر ماسک پہن کر تصویر کھنچوانے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر سوشل میڈیا کے منچلوں نے خوب حملے کیے۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
سی بی ایس ای بورڈ کے 12 ویں کلاس کے نتائج کا اعلان
سی بی ایس ای بورڈ کے 12 ویں کلاس کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ طلباء cbseresults.nic.in پر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ اس سال 88.78 فیصد طلباء پاس ہوئے ہیں۔ اس سال امتحان میں کارکردگی کے لحاظ سے تریوندرم، بنگلورو اور چنئی سرفہرست ہیں۔ دہلی زون میں پاس ہونے کی کل شرح فیصد 94.39 فیصد ہے، جبکہ لڑکیوں کی شرح 92.15 فیصد ہے۔ اس مرتبہ 12 لاکھ طلباء نے بارہویں کلاس کے امتحان دیئے تھے۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
بنگال میں بی جے پی رکن اسمبلی کی پراسرار حالات میں موت
مغربی بنگال میں شمالی دیناج پور ضلع کے ہمت آباد سے بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر ناتھ رائے کی لاش پیر کی صبح ان کے گھر سے ایک کلومیٹر دو بندال گاؤں میں ایک دکان کے اندر لٹکی ہوئی پائی گئی۔ بی جے پی قیادت اور رکن اسمبلی کے گھروالوں نے الزام لگایا ہے کہ دیویندر ناتھ رائے کا پہلے قتل کیا گیا اور اس کے بعد انہیں لٹکا دیا گیا۔ پولیس دیویندر ناتھ رائے کی پراسرار حالات میں موت کے واقعہ کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ان کی موت کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے گا۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
ہندوستان میں لگاتار بڑھ رہی ہے کورونا مریضوں کی تعداد، دوسرے دن بھی 28 ہزار سے زائد نئے معاملے
ملک میں کورونا وائرس کی شدت میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اور لگاتار دوسرے دن ساڑھے 28 ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تقریباً 8.78 لاکھ ہوگئی ہے۔ سرکار کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اتوار کے دن کورونا وائرس کے 28701 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز ہے، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 878254 ہوگئی ہے۔ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 500 اموات کے اضافہ کے ساتھ 23174 ہوگئی ہے۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
پٹنہ ایمس کے باہر فرش پر تڑپتے کورونا مریضوں کا ویڈیو وائرل، تیجسوی نے کہا ‘بہار کو اب بھگوان بچائے’
بہار میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان نتیش حکومت اور اسپتال کی بدانتظامی سامنے آنے لگی ہے۔ کہیں کورونا پازیٹو مریضوں کو اسپتال میں داخلہ کے لیے مشقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو کہیں اسپتال کے باہر ہی مریضوں کو فرش پر تڑپتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ ایک دردناک تصویر پٹنہ کے ایمس کی سامنے آ رہی ہے، جہاں بیڈ نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے کورونا پازیٹو مریضوں کو داخل کرنے سے منع کر دیا۔ ایک ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ پٹنہ ایمس کے باہر فٹ پاتھ پر پی پی ای کِٹ پہنے کچھ کورونا مریض لیٹے ہوئے ہیں اور ان کے اہل خانہ پریشان ہیں کہ آخر ان کا علاج کس طرح ہو۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے ٹوئٹ سے مذکورہ ویڈیو شیئر کیا ہے اور کورونا بحران میں بہار کی حالت زار بتانے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی لکھا ہے کہ "پٹنہ ایمس کے فٹ پاتھ پر لیٹا شخص کورونا پازیٹو ہے۔ حکومت، انتظامیہ اور اسپتال کوئی نہیں سن رہا ہے۔ بہار میں کورونا کی حالت بہت خطرناک ہے۔ آنے والے دنوں میں حالات بے قابو ہونے والے ہیں۔ حکومت جانچ نہیں کر رہی، کر رہی ہے تو نمبر چھپا رہی ہے۔ بہار کو اب بھگوان بچائے...۔"
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری درخواست، کووڈ- 19 کے پیش نظر سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں، شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Jul 2020, 9:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز