قومی خبریں

قومی آواز بلیٹن: کورونا سے افراتفری، ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری

دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں یہ بیماری سنگین شکل اختیار کر چکی ہے۔ یہاں کورونا وائرس سے اب تک 3148 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 163490 سے زیادہ ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پیش خدمت ہیں آج کی اہم خبریں

  • پوری دنیا کے زیادہ ترممالک میں کورونا وائرس کی وبا تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور اس کے متاثرین سے پوری دنیا میں اب تک 38,000 لوگوں سے زیادہ کی موت ہوچکی ہے جبکہ تقریبا آٹھ لاکھ لوگ اس سے متاثر ہیں۔
  • ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا پھیلتی جارہی ہے اور متاثروں کی تعداد بڑھ کر 1400 ہوگئی ہے۔
  • دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں یہ بیماری سنگین شکل اختیار کر چکی ہے۔ یہاں کورونا وائرس سے اب تک 3148 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 163,490 سے زیادہ ہے۔
  • کورونا وائرس سے بری طرح متاثر اٹلی میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جہاں مرنے والوں کی تعداد 11,591 ہوگئی ہے جبکہ 101739 لوگ اس سے متاثر ہیں۔
  • اسپین میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 7716 ہوگئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا متاثرین کی تعداد 87,959 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ فرانس اور ایران میں بھی صورت حال سنگین ہے۔ فرانس میں اب تک 44,550 لوگ اس سے متاثر ہیں جبکہ 3024 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
  • ایران میں اس وائرس کی زد میں آکر مرنے والوں کی تعداد 2757 ہوچکی ہے جبکہ 41495 لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST

نظام الدین مرکزنے نے دہلی پولیس پر اٹھائے سوال

دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت مرکز میں سینکڑوں لوگوں کے جمع ہونے اور ان میں کچھ کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد مرکز کی انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کے اوپر سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔مرکز کے ذمہ داران نے جہاں دعوی کیا ہے کہ انہوں نے مرکز میں آئے جماعت کے لوگوں کو واپس بھیجنے کے لئے پولیس اور ایس ڈی ایم سے نہ صرف درخواست کی تھی بلکہ لوگوں کو واپس بھیجنے کے لئے گاڑیوں کے نمبر اور ڈرائیوروں کی تفصیلات بھی فراہم کی تھیں۔

مرکز کی غلطی کی جانب اشارہ کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ مرکز نے دہلی حکومت کے 16مارچ کے اس سرکولر کو سنجیدگی سے نہیں لیا ہے جس میں 50 سے زیادہ لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر منظم انداز میں لاک ڈاؤن کے اعلان کی وجہ سے جہاں مزدوروں کو پریشانی آئی وہیں وشنودیوی میں پھنسے زائرین اور مرکز میں پھنسے جماعت کے لوگوں کو بھی آئی۔ جماعت میں اتنے لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے اس بیماری کے بحران میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ادھر نظام الدین مرکز واقعہ کے بعد تبلیغی جماعت کو لے کر یو پی کے 19 اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST

کورونا سے زیادہ خوف سے مر جائیں گے: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی قیادت والی دو رکنی بنچ نے مرکز سے کہا ہے کہ وہ فرضی اور غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور وہ کورونا پر ایک اپنا معلوماتی پورٹل بنائے تاکہ عوام کو صحیح خبریں فراہم ہوسکیں۔ ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعہ کی گئی سماعت میں جسٹس بوبڈے اور جسٹس ناگیسورا راؤ نے کہا کہ خوف اور گھبراہٹ کو روکا جائے، کیونکہ کورونا وائرس سے زیادہ لوگ اس سے مرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ حکومت مہاجر مزدوروں کے کھانے پینے کو یقینی بنائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ مرکز اور ریاستوں میں اچھا رابطہ ہو۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں لوگوں کے لئے کونسلروں کی ضرورت ہے اور لوگوں میں حوصلہ پیدا کرنے کے لئے چاہے بھجن کیرتن ہو یا نماز، جس کی ضرورت ہو اس کا استعمال کرنا چاہیے۔

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST

مزدوروں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں: کانگریس

اتر پردیش کے بریلی میں مہاجر مزدوروں پر کیمیکل چھڑکنے کے واقعے کے ایک دن بعد کانگریس نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کی تعمیر کرنے والے مزدوروں کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے۔ سینئر کانگریسی رہنما کپل سبل نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ "جراثیم کش اسپرے اب ہماری سیاست کو صاف کرنے کا وقت ہے نہ کہ بریلی پہنچنے والے تارکین وطن کارکنان کو۔ وہ فیکٹریوں، فصلوں کی کٹائی، ریستوراں، ہوٹلوں، تعمیراتی منصوبوں، شاہراہوں اور گھروں میں کام کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی تعمیر کرتے ہیں، ان کے ساتھ عزت کے ساتھ سلوک کیا جانا چاہیے۔ "

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST

دارالعلوم کی عمارت کو آئسولیشن مرکز بنانے کی پیشکش

ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات اور اس وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے لگاتار ہو رہی اموات کے پیش نظر کئی سماجی و ملی تنظیمیں مدد کے لیے سامنے آئی ہیں۔ دارالعلوم دیوبند نے بھی ملک میں پیدا مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت کو خط لکھ کر مدد کے لیے ہاتھ آگے بڑھائے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ادارہ اپنی ایک عمارت کو آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش کرتا ہے۔

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Mar 2020, 8:11 PM IST