نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں عوام جس طرح کووڈ وبا کے دوران سیاحتی مقامات اور دیگر مقامات پر جا کر کورونا پروٹوکال کی کھلم کھلا خلاف وزری کر رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے یہی لگتا ہےکہ عوام نے کورونا کی اپریل- مئی والی دوسری لہر سے کوئی سبق نہیں لیا اور اگر عوام کا یہی رویہ رہا تو کورونا کی تیسری لہر اگست کے آخر میں آ سکتی ہے۔
Published: undefined
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) اور متعدی امراض کے محکمہ کے صدر ڈاکٹر سمیرن پانڈا نے ایک نجی چینل کے انٹرویو میں کہا کہ عوام کی جس طرح کی لاپروائی بڑھتی جا رہی ہے ‘اسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اگست کے آخر تک کورونا کی تیسری لہر آ سکتی ہے لیکن اس بار اس کا اثر دوسری لہر جتنا خطرناک نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیسری لہر کے لیے چار وجوہات ذمہ دار ہو سکتی ہیں اور ان میں عوام کی قوت مدافعت کے نظام کا کمزور پڑنا بھی شامل ہے، جو انہوں نے کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران حاصل کیا تھا۔ اگر عوام کی قوت مدافعت میں کمی آتی ہے تو یہ کورونا کی تیسری لہر کے لیے کافی بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔
Published: undefined
ڈاکٹر پانڈا نے کہا کہ کورونا کا نیا ویریئنٹ بھی کافی حد تک کورونا کی تیسری لہر کے لیے ذمہ دار ہو سکتا ہے اور یہ کافی آسانی سے عوام میں پھیل سکتا ہے۔ کورونا کی دوسری لہر میں ملک میں لاکھوں افراد کی جان گئی تھی اور جس سختی سے مختلف ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاؤن لگائے تھے اب جلدبازی میں انھیں اٹھایا جا رہا ہے اور یہ قدم بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں اس وقت ڈیلٹا اور ڈیلٹا پلس کورونا ویریئنٹ اپنی موجودگی ظاہر کر چکا ہے۔
Published: undefined
غور طلب ہے کہ ابھی اسی ہفتے انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے بھی کہا تھا کہ ملک میں مختلف حصوں میں عوام جس طرح سیاحتی مقامات پر جا کر کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر ممکن ہے۔ اترپردیش حکومت کے کانوڑ یاترا کی اجازت دینے کے فیصلے پر سپریم کورٹ پہلے ہی ناراضگی کا اظہار کر چکا ہے اور اسی کے سبب اتراکھنڈ حکومت نے اپنی سرحدوں کو احتیاطاً بند کر دیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز