فوج بھرتی کے لیے لانچ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بہار میں جمعرات کو بھی کئی حصوں میں شدید احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اس تعلق سے سینکڑوں طلبا سڑک اور ریل کی پٹریوں پر اترے جس سے ٹرانسپورٹیشن بری طرح متاثر ہوا۔ ریلوے اسٹیشنوں اور ریل پٹریوں پر مظاہرہ کے سبب ریل کی آمد و رفت پر بھی برا اثر پڑا۔ مظاہرہ کے سبب مشرق وسطیٰ ریلوے میں کئی ٹرینوں کو رد کر دیا گیا۔
Published: undefined
اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہرین صبح سے ہی کئی ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے تھے اور اس منصوبہ کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کرنے لگے۔ مظاہرہ کی وجہ سے کئی ٹرینوں کو جہاں تہاں روک دیا گیا۔ مشرق وسطیٰ ریلوے کے چیف رابطہ عامہ افسر ویریندر کمار نے جمعرات کو بتایا کہ دھرنا اور مظاہرہ کی وجہ سے ٹرین کے ٹرانسپورٹیشن میں کچھ تبدیلیاں کی گئیں۔ انھوں نے بتایا کہ مختلف راستوں سے جمعرات کو چلنے والی 22 ٹرینوں کو رد کر دیا گیا ہے جب کہ پانچ ٹرینوں کو جزوی طور پر کینسل کیا گیا، یعنی درمیان راستے میں ہی روک دیا گیا۔
Published: undefined
ویریندر کمار کا کہنا ہے کہ رد کی گئی ٹرینوں میں ببھوا روڈ-پٹنہ ایکسپریس، پٹنہ-سہرسہ ایکسپریس، سہرسہ-سمستی پور پیسنجر (اسپیشل)، منیہاری-جئے نگر ایکسپریس، پٹنہ ڈی ڈی یو میمو پیسنجر اسپیشل، داناپور-رگھوناتھ پور میمو پیسنجر اسپیشل، سمستی پور-سونپور پیسنجر اسپیشل، پٹنہ-گیا پیسنجر اسپیشل ٹرینیں شامل ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پانچ ٹرینوں کو منزل سے پہلے ہی روک دیا گیا ہے۔ سمستی پور-سہرسہ ڈیمو پیسنجر اسپیشل کو جزوی طور پر املی تک ہی چلایا گیا ہے جب کہ پورنیہ-سہرسہ ڈیمو پیسنجر اسپیشل کو دوربھ مدھے پورہ میں، سمستی پور-سہرسہ ڈیمو پیسنجر اسپیشل کا جزوی اختتام سونبرسا کچہری میں اور نرکٹیا گنج-مظفر پور پیسنجر اسپیشل کا جزوی اختتام منجھولیا میں کرایا جائے گا۔
Published: undefined
دوسری طرف بی جے پی رکن اسمبلی ارونا دیوی پر بڑی تعداد میں کچھ نوجوانوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، حالانکہ وہ اس حملے میں بال بال بچ گئیں۔ واقعہ کے وقت رکن اسمبلی نوادہ میں ریلوے کراسنگ سے گزر رہی تھیں۔ ارونا دیوی ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر، نوادہ شہر جا رہی تھیں۔ جب ان کی کار نوادہ ریلوے اسٹیشن کے ریلوے کراسنگ پر پہنچی تو بڑی تعداد میں مظاہرین نے ان پر حملہ کر دیا۔ ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ وہ کسی طرح خود کو بچانے میں کامیاب رہیں۔ حالانکہ واقعہ میں ان کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
Published: undefined
مسلح افواج کے لیے مرکزی حکومت کی نئی بھرتی پالیسی ’اگنی پتھ‘ کے خلاف تحریک چلانے والے امیدواروں نے بی جے پی کے نوادہ دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور کئی ملکیتوں کو نقصان پہنچایا۔ پھر انھوں نے بی جے پی دفتر میں آگ لگا دی۔ آگ میں 300 سے زیادہ کرسیاں، دفتر کی ملکیتیں اور دستاویز جل گئے۔ بہار کے گوپال گنج ضلع میں تحریک کر رہے امیدواروں نے سدھوالیا ریلوے اسٹیشن پر ایک مسافر ٹرین کے تین ڈبوں میں آگ لگا دی۔ چھپرہ میں مظاہرین نے 12 ٹرینوں پر حملہ کیا اور ان میں سے تین کو آگ لگا دی۔ کیمور میں انھوں نے انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین میں آگ لگا دی۔
Published: undefined
بہار کے 15 سے زیادہ ضلعوں میں جمعرات کو اگنی پتھ منصوبہ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ اور توڑ پھوڑ ہوئی۔ چھپرہ میں ایک احتجاجی طالب علم نے کہا کہ مرکزی حکومت طلبا کو مجرمانہ سرگرمیوں میں دھکیلنا چاہتی ہے کیونکہ ڈیفنس فورسز میں چار سال کی سروس کے بعد انھیں کچھ نہیں ملے گا۔ ایک احتجاجی نوجوان نے کہا کہ ’’چار سال کی ملازمت کے بعد ایک نوجوان فوجی صلاحیت اور جنگ میں ٹرینڈ ہو جائے گا۔ ایک بار جب وہ بے روزگار ہو جائے گا تو آگے کیا کرے گا؟ وہ دہشت گرد، مجرمانہ سرگرمیوں کی طرف جائے گا اور یہاں تک کہ پولیس بھی ایسے نوجوانوں کو گرفتار نہیں کر پائے گی۔ وہ پولیس اہلکاروں کے مقابلے میں فوجی جنگ میں زیادہ باصلاحیت ہوں گے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined