قومی خبریں

بجٹ 2018— میڈیکل ہیلتھ کیئر ایک ’بڑا جملہ‘: چدمبرم

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے ارون جیٹلی کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے زراعتی سیکٹر کے لیے بھی نقصاندہ بتایا ہے۔

تصویر قومی آواز/ویپن
تصویر قومی آواز/ویپن پریس کانفرنس کے دوران سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم (درمیان میں)

سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے میڈیکل ہیلتھ کیئر سے متعلق 5 لاکھ کے بیمہ اسکیم کو ایک ’بڑا جملہ‘ بتایا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ سرکاری خزانہ کو مضبوط بنانے کے امتحان میں مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی فیل ہو گئے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور معیشت پر گہری نظر رکھنے والے پی چدمبر کا کہنا ہے کہ ’’19-2018 کے بجٹ میں ارون جیٹلی سرکاری خزانے کو مضبوط بنانے میں فیل ہوئے ہیں اور اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ 18-2017 کے لیے سرکاری خسارے کا نشانہ جی ڈی پی کا 3.2 فیصد رکھا گیا تھا لیکن امکان ہے کہ یہ 3.5 فیصد تک پہنچے گا، اور یہ خطرناک صورت حال ہے۔

Published: undefined

مودی حکومت کے آخری مکمل بجٹ پر اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے زراعت کے سیکٹر پر دھیان نہ دینے پر بھی مایوسی ظاہر کی اور صحت اسکیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’زراعت کے سیکٹر میں تناؤ بنا رہے گا اور میڈیکل ہیلتھ کیئر ایک بڑا جملہ ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بھی بجٹ میں کچھ نہیں ہے۔ اوسط ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کے معاملے میں بھی کوئی راحت نہیں دی گئی۔ کیا واقعی وزیر مالیات سنجیدہ ہیں؟‘‘

چدمبرم نے بجٹ میں برآمد سے متعلق کوئی اعلان نہ کیے جانے پر بھی مایوسی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے برآمد کو فروغ دینے کے لیے کوئی طریقہ نہیں سنا۔ درآمد پر روک لگانے کے لیے وزیر مالیات نے اضافی سرحدی ٹیکس لگایا ہے۔ وزیر اعظم کی تقریر اور داووس کے جذبہ کو کچھ ہی دنوں کے اندر بھلا دیا گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جس سے پتہ چلے کہ کسانوں کی حقیقی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ زراعتی سیکٹر میں بحران جاری رہے گا۔ بجٹ مایوس کن ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined