قومی خبریں

پرینکا کی سیاسی سرگرمیاں شروع، راہل سمیت کئی رہنماؤں کے ساتھ کی میٹنگ

وطن واپسی کے بعد کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے کانگریس صدر اور کئی ور رہنماؤں سے ملاقات کی

سوشل میڈیا (فائل تصویر)
سوشل میڈیا (فائل تصویر) 

کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وطن واپس آتے ہی سیاسی طور پر سرگرم ہو گئی ہیں ۔ انہوں نے کل کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی اور اطلاعات کے مطابق انہوں نے کل کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں انہوں نے مشرقی اتر پردیش سے متعلق بات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران مغربی اتر پردیش کے ذمہ دار جیوتی راجے سندھیا بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔

واضح رہے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کانگریس کے جنرل سیکریٹریز کے ساتھ ایک میٹنگ جمعرات کو بلائی ہے جس میں پرینکا گاندھی بھی شریک ہوں گی اور ایکٹو سیاست میں آنے کے بعد بطور جنرل سیکریٹری ان کی یہ پہلی میٹنگ ہو گی ۔ یہ میٹنگ آئندہ ہونے والے عام انتخابات سے متعلق کانگریس کی حکمت عملی پر غور کرنے کے لئے بلائی گئی ہے ۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کو بھی کانگریس ذمہ داران کی اہم میٹنگ طلب کی ہے ۔

پرینکا گاندھی کو 23 جنوری کو کانگریس کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا تھا اور ان کو مشرقی اتر پردیش کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ان کے سیاست میں ایکٹو ہونے سے جہاں کانگریس کارکنان میں جوش بھر گیا ہے وہیں بر سر اقتدار جماعت بی جے پی کی نیند اڑ گئی ہے ۔ پرینکا گاندھی اپنی والدہ اور بھائی کی لوک سبھا سیٹوں پر کام کر چکی ہیں اور پرینکا کے بارے میں راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن بہت ذہین اور محنتی ہیں ۔ ایک لمبے وقت سے پرینکا کے سیاست میں آنے کا انتظار کیا جا رہا تھا۔

پرینکا گاندھی اپنی بیٹی کے علاج کے لئے امریکہ گئی ہوئی تھیں اور کل ہی وہ واپس آئی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined