قومی خبریں

راہل گاندھی کی تاجپوشی 4 دسمبر کو!

کانگریس کے قومی کے انتخاب سے متعلق کارروائی اور تاریخوں کا اعلان کیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی آج صبح 10.30 بجے ہوئی میٹنگ میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کے پارٹی صدر بننے سے متعلق کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ پیرکی صبح ہوئی اس میٹنگ میں پارٹی صدر کے انتخاب سے متعلق کارروائی اور تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔ اس درمیان فیصلہ لیا گیا کہ پارٹی صدر عہدہ کے لیے یکم دسمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 دسمبر 3 بجے سہ پہر تک ہوگی۔ 11 دسمبر کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جب کہ 16 دسمبر کو ووٹنگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ 19 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی کرائی جائے گی۔

پارٹی صدر عہدہ سے متعلق تاریخوں کےا علان سے معلوم ہوتا ہے کہ گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان ہونے کے ایک دن بعد کانگریس صدر کے نام کا باضابطہ اعلان ہوگا۔ لیکن قوی امکان ہے کہ 4 دسمبر کو ہی راہل گاندھی بلامقابلہ منتخب ہو جائیں کیونکہ ان کے خلاف کسی کے کھڑے ہونے کی امید کم ہی ہے۔ اگر کوئی لیڈر پرچہ نامزدگی داخل کرتا ہے تو پھر راہل گاندھی کو 19 دسمبر تک انتظار کرنا ہوگا۔اس صورت میں گجرات انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی راہل گاندھی کی تاج پوشی ہوگی ۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کے صدر بننے کے تئیں کانگریس میں کافی بے چینی ہے اور پارٹی لیڈران جلد سے جلد انھیں پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ راجیہ سبھا میں حزب مخالف لیڈر غلام نبی آزاد کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ’’راہل گاندھی نے ہمیشہ آگے بڑھ کر قیادت کی ہے اور وہ بہت باصلاحیت لیڈر ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ کچھ ہی دنوں کی بات ہے جب پارٹی کو نیا سربراہ مل جائے گا۔ راہل گاندھی اپنی قائدانہ صلاحیت کے ساتھ پارٹی کی بہترین قیادت کریں گے۔‘‘ کانگریس کی جنرل سکریٹری امبیکا سونی نے بھی راہل گاندھی کی قائدانہ صلاحیت کی تعریف کی اور کہا کہ گجرات میں انتخابی تشہیر کی کامیابی کا سہرا اور نوٹ بندی و جی ایس ٹی کے ایشو پر حزب مخالف کی بہترین قیادت کا سہرا کانگریس کے نائب صدر کو ہی جاتا ہے جو جلد ہی بطور صدر پارٹی کی کمان سنبھالیں گے۔

روہتک کے کانگریس ممبر پارلیمنٹ دپیندر ہڈا نے کانگریس لیڈران اور کارکنان پارٹی صدر عہدہ پر راہل گاندھی کو جلد سے جلد دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ پرجوش ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پارٹی صدر بننے سے انڈین نیشنل کانگریس کو بہت مضبوطی ملے گی۔‘‘ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی آج ہوئی میٹنگ سے قبل لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ملکارجن کھڑگے نے بھی یہی کہا کہ ’’ہم سب پارٹی صدر کے طور پر راہل گاندھی کی قیادت کے لیے تیار ہیں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined