بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جس دن این ڈی اے سے الگ راستہ اختیار کیا، اسی دن سے یہ خبریں اڑنے لگیں کہ وہ آئندہ جنرل الیکشن میں اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعظم امیدوار ہو سکتے ہیں۔ دھیرے دھیرے اس بات کے امکانات مزید روشن ہوتے جا رہے ہیں، اور اس کی مثال جنتا دل یو کا ایک نیا پوسٹر ہے۔ نئے پوسٹر میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے لیے کچھ نئے نعرے لکھے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہے ’پردیش میں دِکھا، دیش میں دِکھے گا‘۔ اس کے علاوہ بھی کچھ نعرے ہیں جو بی جے پی کے ذریعہ نریندر مودی کے لیے دیئے گئے نعروں پر جوابی حملہ معلوم ہوتے ہیں۔ مثلاً ’جملہ نہیں، حقیقت‘، اور ’آشواسن نہیں، سُشاسن‘۔
Published: undefined
پٹنہ میں جنتا دل یو دفتر میں یہ پوسٹرس دیکھ کر کوئی بھی اندازہ لگا سکتا ہے کہ نتیش کمار کو 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے مضبوط وزیر اعظم امیدوار کی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ بہار کے سیاسی گلیاروں میں تو اس تعلق سے گہما گہمی بھی بڑھی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ روز تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے جس انداز میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے ملاقات کی، اس نے بھی سیاسی تجزیہ کاروں کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2024 کو لے کر نتیش کمار کی طرف امید بھری نگاہ سے صرف چندرشیکھر راؤ نے ہی نہیں دیکھا، بلکہ سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کو بھی نتیش کمار کی شکل میں متبادل ملتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
Published: undefined
آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کے لیے نتیش کمار نے کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی سے فون پر طویل بات چیت کی تھی، اور کچھ لوگ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ نتیش کمار کے نام پر کانگریس کو بھی اعتراض نہیں ہوگا۔ حالانکہ کانگریس پارٹی کے ایک سابق جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ ابھی اس کا وقت نہیں آیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹکر دینے والے کے نام پر غور کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی وقت الیکشن کی تیاری کرنے اور وزیر اعظم مودی کو ٹکر دینے لائق بننے کا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز