مظفر نگر ضلع کے پور قاضی تھانہ علاقہ کے ایک اسکول میں منیجرس کے ذریعہ 17 طالبات کے ساتھ کی گئی چھیڑ چھاڑ کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں دونوں ملزم یوگیش کمار اور ارجن کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ معاملے کو عام آدمی پارٹی لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ پارلیمنٹ میں بھی اٹھا چکے ہیں۔ ہفتہ کے روز کانگریس نمائندہ وفد نے بھی متاثرہ طالبات کے گھر مجلس پور توفیر جا کر ان سے ملاقات کی۔ کئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ طالبات کے گھر والے اب دونوں اسکول کی منظوری ختم کرنے اور ملزمین کے خلاف این ایس اے لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
واضح رہے کہ پور قاضی تھانہ علاقہ سے 5 دسمبر کو بے حد شرمناک واقعہ سامنے آیا تھا۔ یہاں کے دو اسکول منیجرس نے انسانیت، استاد کے وقار اور ایمانداری کو تار تار کرتے ہوئے پریکٹیکل کے نام پر طالبات کو نشیلی اشیاء دے کر ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ اس سے بھی زیادہ سنگین بات یہ تھی کہ پور قاضی پولیس نے واقعہ کو 16 دن تک چھپا کر رکھا تھا۔ بعد میں پور قاضی تھانہ انچارج کو معطل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا تھا، لیکن واقعہ کو لے کر مقامی سطح پر کافی ناراضگی ہے۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
واقعہ 18 نومبر کا ہے۔ بھوپا تھانہ علاقہ کے سوریہ دیو پبلک اسکول کی 17 طالبات کو پریکٹیکل کرانے کے بہانے کمہیڑا گاؤں کے جی جی ایس انٹرنیشنل اسکول میں لے جایا گیا تھا۔ تاخیر کا بہانہ بتا کر رات اسکول میں روک کر کھچڑی میں نشیلی چیز ملا کر ان کے ساتھ اسکول منیجرس نے رات بھر چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ یہ سبھی دسویں درجہ کی طالبات تھیں۔ جس اسکول میں یہ شرمناک واقعہ پیش آیا، اس اسکول کو صرف آٹھویں درجہ تک ہی منظوری ملی ہوئی ہے۔ یہ بات بھی محکمہ تعلیم کے انتظام کی قلعی کھولتی ہے۔ یہاں ایک اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ واقعہ کے اگلے دن طالبات نے اس کی جانکاری اپنے گھر والوں کو دی تو انھوں نے فوراً پولیس کو اس کی جانکاری دی تھی۔ لیکن پولیس نے گھر والوں کو جھوٹا بتا کر مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ بھی حیرت انگیز ہے کہ مقامی صحافیوں نے جب واقعہ کی تہہ میں جانے کی کوشش کی تو ملزم اسکول منیجر ارجن چوہان اور یوگیش نے انھیں رعب میں لینے کی کوشش کی اور دبنگئی کا مظاہرہ کیا۔ یہاں تک کہ اس وقت کے تھانہ انچارج بھی ملزمین کی طرف نرم رویہ رکھے ہوئے تھے۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
مجلس پور توفیر کی ایک متاثرہ سمرن سینی (بدلا ہوا نام) نے بتایا کہ واقعہ کے بعد سے وہ بہت تناؤ میں ہے۔ وہ پرنسپل سر کو بہت اچھا انسان سمجھتی تھی، لیکن وہ تو حیوان نکلے۔ انھوں نے سازش کر کے ہماری بنائی ہوئی کھچڑی کو کچا بتا کر پھینک دیا اور اپنی کھچڑی سب بچوں کو کھلائی۔ سبھی طالبات 10ویں کے پریکٹیکل کا امتحان دینے کے لیے گئی تھیں۔ کوئی نہیں جانتی تھی کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ دونوں اسکول کے بڑے سر رات میں کمرے میں پہنچے۔ لڑکیوں کو محسوس ہوا کہ ان کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے۔ ہم نے جب احتجاج کیا تو انھوں نے ہمیں ڈرا کر خاموش رہنے کی دھمکی دی اور کہا کہ وہ ہمیں بدنام کر دیں گے۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
ایک دیگر متاثرہ طالبہ کے والد منٹو کمار نے بتایا کہ پولیس نے 17 دن بعد ہماری شکایت پر کارروائی کی۔ کارروائی ایس ایس پی صاحب سے ملنے کے بعد ہوئی۔ مقامی کوتوال نے ہماری کوئی سماعت نہیں کی، وہ دونوں اسکول منیجرس ارجن سنگھ اور یوگیش کمار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے تھے۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
گاؤں میں ہفتہ کے روز پہنچے کانگریس نمائندہ وفد میں شامل کانگریس ضلع صدر سبودھ شرما متاثرین سے ملاقات کر کے بتایا کہ یہ ایک بے حد شرمناک واقعہ ہے اور انھیں کافی برا لگ رہا ہے۔ ملزمین نے تعلیم کے عمل کو داغدار کرنے کا کام کیا ہے۔ مجلس پور توفیر گاؤں میں عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے بھی متاثرہ طالبات سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بیٹیوں کو تحفظ دینے کی بات کرتے ہیں، لیکن یہاں بیٹیاں اسکول میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سب سے حیرت انگیز یہ ہے کہ پولیس نے معاملے کو 17 دن تک دبائے رکھا۔ یہ واقعہ خراب نظامِ قانون کے ساتھ ہی تعلیمی نظام پر بھی سوالیہ نشان کھڑے کرتی ہے۔ آخر آٹھویں تک منظوری والے اسکول میں دسویں کے طالبات کو پریکٹیکل امتحان کس بنیاد پر دلوایا جا رہا تھا۔ یہ معاملہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں جانا چاہیے اور ملزمین کو جلد سزا ملنی چاہیے۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
واقعہ کے بعد مقامی سطح پر بھی کافی ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ مجلس توفیر گاؤں کے رمیش سینی کا کہنا ہے کہ اب بیٹیوں کو اسکول بھیجنے کا کوئی مطلب نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ ہم پوری طرح مایوس ہو چکے ہیں۔ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ بہت ہی غلط ہوا ہے۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں لڑکیوں کے اسکول جانے کی تعداد میں کمی آئے گی۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Dec 2021, 10:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز