لوک سبھا انتخابات کی ووٹ شماری کل (4 جون، منگل) ہوگی۔ ووٹ شماری میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو اور کوئی من مرضی نہ کر پائے، اس کے لیے سبھی سیاسی جماعتیں، خصوصاً اپوزیشن پارٹیاں مستعد ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کے کارکنان گروپ میں ووٹ شماری مراکز کے باہر رہ کر لگاتار نگرانی کر رہے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ کسان تنظیموں اور سول سوسائٹی نے بھی لگاتار ایشو اٹھایا ہے کہ ووٹ شماری کے دوران کسی بھی طرح کی بے ضابطگی نہ ہو، اس کا خیال رکھا جائے۔ دہلی میں اتوار کو اپوزیشن پارٹیوں کے نمائندہ وفد نے انتخابی کمیشن سے مل کر پوسٹل بیلٹ کی گنتی پہلے شروع کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے قبل کسان مورچہ بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر وقت وقت پر ووٹوں کی درست تفصیل عوام کے ساتھ شیئر کرنے کی اپیل کر چکا ہے۔ اُدھر سول سوسائٹی کا بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ ووٹنگ کے اعداد و شمار وقت وقت پر بدلے جانے سے کمیشن کی غیر جانبداری پر سوال اٹھے ہیں۔
Published: undefined
اس درمیان اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ فارم سی- 17 کے ملاپ کے بعد ہی ووٹوں کی گنتی کا کام شروع کیا جانا چاہیے۔ اسی ضمن میں اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ سے پی ایم مودی کے خلاف انتخاب لڑ رہے انڈیا اتحاد کے امیدوار اور اتر پردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی کے کارکنان ووٹنگ کے بعد ای وی ایم اسٹرانگ روم اور ووٹ شماری مراکز پر لگاتار نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اجئے رائے کو اندیشہ ہے کہ حکومت و انتظامیہ کسی بھی طرح بی جے پی کو انتخاب میں کامیاب بنانے کی کوشش کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ووٹ شماری میں کسی بھی طرح کی بے ضابطگی نہ ہو، اس کے لیے کانگریس کارکنان پوری طرح مستعد ہیں۔
Published: undefined
اجئے رائے نے بتایا کہ کئی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کی خبر ملی تھی، جن کو شکایت کر کے ٹھیک کرایا گیا ہے۔ کانگریس کی تیاری کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ہر ووٹ شماری مرکز پر 8 سے 10 کارکنان کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ کارکنا 8 سے 9 گھنٹے تک کی شفٹ میں لگاتار ووٹ شماری مراکز کے باہر تعینات ہیں۔
Published: undefined
اسی طرح اتر پردیش کی اہم اپوزیشن جماعت سماجوادی پارٹی نے بھی اپنے کارکنان کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سماجوادی پارٹی لیڈر عمیق جامئی نے کہا کہ ’ایگزٹ پول‘ کے اندازے سامنے آنے سے پارٹی کے کارکنان و لیڈران کے حوصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑا ہے۔ لیکن انھیں ووٹوں کی گنتی میں غیر جانبداری نہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پارٹی کے سبھی کاؤنٹنگ ایجنٹ کو پیغام دیا گیا ہے کہ فارم سی 17 کے ملاپ کے بغیر ووٹوں کی گنتی شروع نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے بتایا کہ ہر ووٹ شماری مرکز پر سماجوادی پارٹی کے 25 سے 30 پارٹی کارکنان نگرانی بنائے ہوئے ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ اس مرتبہ غالباً پہلی بار ایسا کیا گیا ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے ورکشاپ وغیرہ کر کے اپنے کارکنان اور پولنگ ایجنٹس کو ووٹ شماری کی ٹریننگ دی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج لکھنؤ میں کہا کہ ’فارم 17 سی کی کاپی ایجنٹس کے پاس ہے، ہماری پارٹی کے پاس دفتر میں وہ سارے فارم ہیں، کیونکہ ہمیں پتہ تھا کہ بی جے پی کسی بھی سازش میں شامل ہو سکتی ہے، اس لیے پہلے دن سے پوری جانکاری ہم لوگوں نے رکھی ہے۔‘‘
Published: undefined
ہر پولنگ بوتھ پر پریزائڈنگ افسر کو ایک فارم دیا جاتا ہے، جسے اس کو آن لائن ہی بھرنا ہوتا ہے۔ یہ کام ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے فوراً بعد ہی کرنا ہوتا ہے۔ اس فارم میں یہ تفصیل ہوتی ہے کہ کتنے لوگوں نے ووٹنگ کی، کتنے ووٹ کرنے نہیں پہنچے اور کتنے لوگوں کو ووٹ دینے کے قابل نہیں سمجھا گیا۔ یہ بھی بھرنا ہوتا ہے کہ ووٹنگ کے دوران کتنی ای وی ایم کا استعمال کیا گیا۔ کنٹرول یونٹ اور بیلٹ یونٹ کی تعداد اور نمبر بھی دینے ہوتے ہیں۔ اس عمل سے کسی بھی پولنگ سنٹر پر ووٹنگ کی صورت حال واضح ہو جاتی ہے اور یہ گنجائش نہیں رہتی کہ ووٹوں کے فیصد میں کوئی دھاندلی ہو پائے۔
Published: undefined
اپوزیشن پارٹیوں کے علاوہ سول سوسائٹی بھی ووٹ شماری کو لے کر کافی محتاط ہے۔ ’اتر پردیش الیکشن واچ‘ سے منسلک لینن رگھوونشی کہتے ہیں کہ وقت وقت پر ڈاٹا بدلے جانے سے الیکشن کمیشن کی ساکھ پر منفی اثر پڑا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب لوگ ووٹ شماری کو بھی شبہات کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ رگھوونشی کے مطابق نئی حکومت کو الیکشن کمیشن کی شبیہ بدلنے پر کام کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں جمہوریت اور مضبوط رہ سکے اور سیاسی پارٹیوں کے ساتھ عوام کا الیکشن کمیشن پر بھروسہ برقرار رہے۔
Published: undefined
اسی طرح ’ایسو سی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارم‘ (اے ڈی آر) کے سنجے سنگھ کہتے ہیں کہ لوگوں کو ووٹ شماری سے متعلق شبہات ہیں۔ لیکن ایسا ہونا نہیں چاہیے، کیونکہ اس کا منفی اثر ملک کی جمہوریت پر پڑے گا۔ اس شبہ کی وجہ بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ایسی سوچ بن گئی ہے اور ووٹرس میں ایسا جذبہ ہے کہ ووٹ کسی کو بھی دیا جائے، جیتے گی تو بی جے پی۔ سنجے سنگھ مانتے ہیں کہ الیکشن کمیشن پر بھروسہ رکھنا چاہیے، لیکن اسٹرانگ روم پر نظر رکھنا غلط نہیں ہے۔
Published: undefined
سنیوکت کسان مورچہ نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ووٹ شماری کے عمل میں کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کے اندیشے کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ مورچہ کے لیڈر آشیش متل نے بتایا کہ شبہات کو دور کرنے کے لیے ضابطہ کے مطابق الیکشن کمیشن کو وقت وقت پر ووٹوں سے متعلق درست تفصیل پیش کرنی چاہیے۔
Published: undefined
اس درمیان اتر پردیش کے الیکٹورل افسر نودیپ رِنوا نے بتایا کہ ووٹ شماری ریاست کے 75 اضلاع میں 81 ووٹ شماری مراکز پر ہوگی۔ آگرہ، میرٹھ، اعظم گڑھ، دیوریا، سیتاپور، کشی نگر ضلع مین ووٹ شماری 2-2 مراکز پر ہوگی۔ 8 لوک سبھا حلقوں کی ووٹ شماری 3 اضلاع میں 37 لوک سبھا حلقوں کی ووٹ شماری 2 اضلاع میں اور 35 لوک سبھا حلقوں کی ووٹ شماری 1 ضلع میں ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined