کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے آج منی پور کا اپنا درد بیان کیا۔ انھوں نے اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم ملک کے قائد کے طور پر کام کریں نہ کہ ایک پارٹی کے رہنما کے طور پر، کیونکہ وہ تمام ہندوستانیوں کے نمائندے ہیں۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ کل وزیر اعظم نے 2 گھنٹے 13 منٹ بات کی اور آخر میں دو منٹ انہوں نے منی پور پر بات کی، جبکہ منی پور میں مہینوں سے تشدد جاری ہے، عصمت دری کے واقعات ہو رہے ہیں، بچوں کو مارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں ہنس رہے تھے، مسکرا رہے تھے اور لطیفے سنا رہے تھے، اور یہ ان کو زیب نہیں دیتا۔
Published: undefined
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ اگر اس ملک میں تشدد ہو رہا ہے، عصمت دری ہو رہی ہے تو ہندوستان کے وزیر اعظم کو 2 گھنٹے تک مذاق نہیں اڑانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موضوع نہ تو کانگریس تھا اور نہ وہ خود تھے، بلکہ موضوع منی پور تھا۔ انہوں نے اپنا وہ تجربہ ساجھا کیا جو ان کے بقول انہوں نے کسی سے ساجھا نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں 19 سال سے سیاست میں ہوں اور تقریباً ہر موقع پر ہر ریاست میں گیا ہوں، لیکن جو میں نے منی پور میں دیکھا اور سنا ویسا میں نے کہیں نہیں دیکھا اور سنا تھا۔ میں نے پارلیمنٹ میں بولا کہ وزیر اعظم اور امت شاہ نے منی پور میں بھارت ماتا کا قتل کیا ہے، منی پور میں ہندوستان کو ختم کر دیا ہے اور جو میں نے بولا وہ کھوکھلے الفاظ نہیں ہیں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس کے سابق صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’جب ہم میتئی علاقہ میں گئے تو ہم سے کہا گیا کہ اگر آپ کی سیکورٹی میں کوئی بھی کوکی ہوگا تو اسے وہاں نہیں لایئے گا کیونکہ ہم اسے مار دیں گے۔ ایسا ہی جب ہم کوکی علاقہ میں گئے تو انہوں نے صاف کہا کہ اگر آپ کی سیکورٹی میں کوئی بھی میتئی ہوگا تو اسے مت لایئے کیونکہ ہم اسے گولی مار دیں گے۔ اس لئے جب ہم گئے تو ہمیں یہ احتیاط برتنی پڑی، جس کا مطلب صاف ہے کہ منی پور آج ایک ریاست نہیں ہے بلکہ دو ریاستیں ہیں۔ ریاست کا قتل کر دیا گیا ہے اور اس کو چیر دیا گیا ہے۔‘‘
Published: undefined
راہل گاندھی اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اس پر زور دیا کہ ’’منی پور میں ہندوستان کا قتل کر دیا گیا ہے۔‘‘ اس دوران راہل گاندھی نے تعجب ظاہر کیا کہ ہمارا وزیر اعظم ایسے کیسے ہنس سکتا ہے اور مسکرا سکتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کو پتہ نہیں لگ رہا ہے کہ ملک میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔ راہل گاندھی کہتے ہیں ’’اگر وزیر اعظم منی پور جا نہیں سکتے تو منی پور کے بارے میں بولیں تو۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی فوج دو دن میں حالات پر قابو پا سکتی ہے اور اس کو تیسرا دن نہیں لگے گا۔ وزیر اعظم منی پور کو جلانا چاہتے ہیں آگ بجھانا نہیں چاہتے۔‘‘
Published: undefined
جب راہل گاندھی سے سوال کیا گیا کہ امت شاہ نے منی پور کے وزیر اعلی کو نہ ہٹانے کی دلیل دیتے ہوئے کہا کہ وہ یعنی منی پور کے وزیر اعلی مرکز سے تعاون کر رہے ہیں تو راہل گاندھی نے جواب دیا کہ منی پور میں جو ہتھیار لوٹے گئے اور منی پور جو جل رہا ہے، تو کیا یہ ان کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ راہل نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہمارا مقصد منی پور میں تشدد روکنا ہے، اور اس کے لئے جو ضروری ہے وہ ہم کر رہے ہیں اور کریں گے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined