قومی خبریں

’کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے لیے پی ایم مودی کے پاس فنڈ نہیں، فضول خرچی کے لیے کروڑوں روپے موجود‘

کانگریس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ کووڈ کے سبب اور آکسیجن کی کمی سے ہوئی اموات کی شناخت کے لیے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں کمیٹی بنائی جائے: ہارون یوسف

کانگریس لیڈر ہارون یوسف
کانگریس لیڈر ہارون یوسف 

دہلی حکومت کے سابق وزیر ہارون یوسف نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ کووڈ وبا سے متاثر لوگوں کے ساتھ مرکز کی بی جے پی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت کھلواڑ اور دھوکہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے کووڈ کو عالمی وبا قرار دیا، لیکن حکومت ہند نے اسے قدرتی آفت مانا ہے اور مرکزی حکومت نے این ڈی آر ایف کے تحت 4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی بات قبول کرنے کے باوجود سپریم کورٹ میں حلف نامہ دے کر کووڈ سے ہلاک ہونے والے شخص کے کنبہ کو 4 لاکھ روپے کی امداد نہیں دینے کی بات کہی جس سے لوگوں کے تئیں اس کا عوام مخالف چہرہ صاف ظاہر ہو گیا ہے۔

Published: undefined

ہارون یوسف نے یہ باتیں ریاستی صدر دفتر راجیو بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے 21 جون کو ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ ’زندگی کی قیمت لگانا ناممکن ہے، سرکاری معاوضہ صرف ایک چھوٹی سی مدد ہوتی ہے، لیکن مودی حکومت یہ بھی دینے کو تیار نہیں۔‘ راہل گاندھی کی یہ بات حقیقت پر مبنی ہے۔ نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے ہارون یوسف نے کہا کہ مودی حکومت اور کیجریوال حکومت کے ذریعہ کووڈ متاثرین کو راحت اور معاوضہ دینے کے لیے بڑے بڑے اعلانات کیے گئے اور لوگوں سے جھوٹی ہمدردی ظاہر کر کے ان کی زندگی سے کھلواڑ کرنے کا کام کیا گیا جو ناقابل برداشت ہے۔

Published: undefined

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ہارون یوسف نے کہا کہ کیجریوال نے کووڈ وبا میں لوگوں کی جان بچانے کے لیے کچھ کرنے کی جگہ متاثرین کو بھگوان بھروسے چھوڑ دیا تھا۔ کووڈ مہلوکین اور کووڈ متاثرین کو راحت پہنچانے کے لے 4 لاکھ معاوضہ کی جگہ صرف 50 ہزار ان کے اہل خانہ کو اور 2500 روپے ان کے پسماندگان کو دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر کے دہلی کے باشندوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی اس عالمی وبا میں کووڈ اور آکسیجن کی کمی سے ہوئی موت کی شناخت کے لیے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتی ہے، اور ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ کووڈ سے ہوئی ہلاکتوں پر 4 لاکھ روپے اور آکسیجن کی کمی سے ہوئی ہلاکتوں پر 5 لاکھ روپے کی امدادی رقم ان کے اہل خانہ کو دی جائے۔

Published: undefined

ہارون یوسف نے اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی کے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورونا سے ہوئی حقیقی اموات کو پارٹی کارکنان سامنے لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں کانگریس کارکنان گھر گھر جا کر سروے کریں گے اور دہلی والوں کے سامنے کووڈ سے ہوئی اموات کی صحیح تعداد پیش کریں گے۔ ہارون یوسف نے مرکزی اور دہلی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مہلوکین کی اصل تعداد کو چھپا رہی ہے۔ بہار اور یو پی میں بہتی لاشوں اور دہلی میں شمشان گھاٹ میں ادا کی گئی آخری رسومات کے اصل اعداد و شمار کو دونوں حکومتیں چھپا رہی ہیں، جس کی مثال دہلی میں اس سال اپریل-مئی میں 34 ہزار 750 ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جانا ہے، لیکن سرکاری اعداد و شمار میں صرف 13 ہزار 201 اموات دکھائی گئی ہیں۔ دو مہینوں میں دہلی حکومت نے 21 ہزار 549 اموات کو چھپا دیا۔ ہارون یوسف نے کہا کہ مودی اور کیجریوال حکومت اشتہارات کے ذریعہ سچائی کو چھپانے کا کام کر رہی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined