قومی خبریں

’پی ایم مودی نے 2 کروڑ روزگار کی جگہ ہر سال 2 کروڑ نشہ کرنے والے بنا دیے‘، مدھیہ پردیش ڈرگس معاملہ پر کانگریس کا حملہ

جیتو پٹواری نے الزام عائد کیا کہ مدھیہ پردیش میں 1800 کروڑ کی ڈرگس برآمدگی معاملہ کا ملزم نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کا قریبی ہے، پی ایم مودی کو چاہیے کہ وہ ان کا استعفیٰ لیں۔

<div class="paragraphs"><p>جیتو پٹواری / آئی اے این ایس</p></div>

جیتو پٹواری / آئی اے این ایس

 

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ڈرگس برآمدگی معاملہ میں کانگریس نے آج مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے بھوپال میں کروڑوں روپے کی ڈرگس برآمدگی معاملہ کے ملزم سے مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے قریبی تعلقات کا حوالہ دے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ موہن یادو سے فوراً نائب وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Published: undefined

جیتو پٹواری نے جمعہ کو نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف مدھیہ پردیش ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان میں نشہ کا کاروبار پھیل رہا ہے۔ ’اڑتا بھارت‘ والے حالات پیدا ہو رہے ہیں، کیونکہ ملک میں کوئی بھی ریاست نشہ کی گرفت سے بچا ہوا نہیں ہے۔ جیتو پٹواری نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں ایک رپورٹ پیش کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں تقریباً 40 کروڑ لوگ نشہ کرتے ہیں اور یہ تعداد ہر سال تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ بڑھ رہی ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے، پی ایم مودی نے ہر سال دو کروڑ روزگار تو نہیں دیے، لیکن ہر سال دو کروڑ نشہ کرنے والے بنا دیے۔‘‘

Published: undefined

بھوپال میں پکڑی گئی 1800 کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈرگس فیکٹری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے جیتو پٹواری نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں نشہ اور اس سے جڑے مافیہ نے خوفناک حالات پیدا کر دیے ہیں۔ کئی ریاستوں میں ڈرگس کے تار بھوپال میں پکڑے گئے ڈرگس ریکٹ سے جڑے ہیں۔ ڈرگس کی فیکٹری چلانے والے ملزم کا نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے ساتھ رشتے سبھی کو معلوم ہیں۔ اس سے صاف ہے کہ ملزم بغیر سیاسی تحفظ کے اتنا بڑا جرم نہیں کر سکتا۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ موہن یادو اس طرح کے واقعات پر خاموش ہیں۔ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ فوراً نائب وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ لیں۔

Published: undefined

پریس کانفرنس میں جیتو پٹواری نے بی جے پی لیڈرس کی ویڈیو کلپ دکھاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر کیلاش وجئے ورگیہ کہہ چکے ہیں کہ ریاست میں گلی گلی میں نشہ فروخت ہوتا ہے۔ اس کے بعد مئو گنج سے بی جے پی رکن اسمبلی شراب مافیہ اور غنڈوں سے پریشان ہو کر پولیس کے سامنے لیٹنے کو مجبور ہو گئے۔ سینئر بی جے پی لیڈر اجئے بشنوئی نے اسے اپنے ’ایکس‘ پر شیئر کیا اور لکھا ہے کہ پوری حکومت ہی شراب ٹھیکیداروں کے آگے جھکی ہوئی ہے۔ جب بی جے پی لیڈران ہی اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں تو پھر اس کے لیے کسی سرٹیفکیٹ کی کیا ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈرس کے بچے بھی نشہ کرتے ہیں، اس لیے وہ بھی اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔

Published: undefined

جیتو پٹواری کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش آج پوری طرح سے مافیاؤں کے چنگل میں ہے۔ ریاست میں شراب مافیہ، معدنیات مافیا، ریت مافیا، ایڈمنسٹریٹو مافیا سمیت تمام مافیا گروپ حاوی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں مافیا کی حکومت ہے اور ہر طرف انہی کا بول بالا ہے۔ نشہ مافیا نے تو ہر طبقہ کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined