قومی خبریں

پی ایم مودی نے ’مفت کورونا ٹیکہ‘ فراہمی کا کیا اعلان، اپوزیشن کے دباؤ کا اثر!

ملک سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے اعلان کیا کہ 18 سال سے زائد عمر والے سبھی لوگوں کو حکومت ہند کے ذریعہ مفت ویکسین لگائی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کورونا بحران کے درمیان پی ایم نریندر مودی نے پیر کی شام 5 بجے ملک سے خطاب کرتے ہوئے کورونا ٹیکہ کاری سے متعلق ایک بڑا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ 21 جون سے ملک میں 18 سال سے زیادہ عمر والے سبھی لوگوں کو حکومت ہند کے ذریعہ مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ ساتھ ہی پی ایم مودی نے یہ بھی واضح کیا کہ ریاستوں سے ٹیکہ کاری کا کام واپس لیا جائے گا اور اب مرکزی حکومت ہی یہ کام کرے گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ابھی ویکسین کا 50 فیصد کام مرکزی حکومت، 25 فیصد ریاستی حکومتیں اور 25 فیصدی پرائیویٹ سیکٹر کے ہاتھ میں تھا۔ اب ویکسین کا 75 فیصد حصہ مرکزی حکومت اور باقی حصہ پرائیویٹ سیکٹر کو ملے گا۔

Published: undefined

جہاں تک پی ایم مودی کے ذریعہ مفت ٹیکہ کاری کے اعلان کا سوال ہے، اسے اپوزیشن لیڈروں کے ذریعہ بار بار دباؤ دیے جانے کا نتیجہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ دراصل راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، اکھلیش یادو اور دیگر کئی لیڈران مفت ٹیکہ کاری کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ حالانکہ پرائیویٹ سیکٹر میں ٹیکہ کاری کے لیے اب بھی پیسے لیے جائیں گے، لیکن اس تعلق سے بھی کچھ ہدایتیں دی گئی ہیں۔ بہر حال، وزیر اعظم نے آج ملک سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ اب کسی بھی ریاستی حکومت کو ویکسین کے لیے کچھ بھی خرچ نہیں کرنا ہوگا۔ اب تک ملک کے کروڑوں لوگوں کو مفت ویکسین ملی ہے، اب 18 سال کی عمر کے لوگ بھی اس میں جڑ جائیں گے۔ سبھی ملکی باشندوں کے لیے حکومت ہند ہی مفت ویکسین دستیاب کروائے گی۔

Published: undefined

مذکورہ اعلان کے ساتھ ہی پی ایم مودی نے پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعہ ٹیکہ کاری کے پالیسی پر بھی بات کی۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں بن رہی ویکسین میں سے 25 فیصد پرائیویٹ سیکٹر کے اسپتال کے لیے براہ راست لینے کا انتظام پہلے سے ہے اور اب بھی ایسا ہی رہے گا۔ انھوں نے ویکسین کی قیمت کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ اسپتال ویکسین کی مقررہ قیمت کے بعد ایک خوراک پر زیادہ سے زیادہ 150 روپے ہی سروس چارج لے سکیں گے۔ اس کی نگرانی کرنے کا کام ریاستی حکومت کے پاس ہی رہے گا۔

Published: undefined

اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے ٹیکہ کاری کے علاوہ مفت راشن تقسیم معاملے میں بھی بڑا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب نومبر 2021 تک ملک کے 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال بھی ایسی ہی اسکیم چلائی تھی۔ پی ایم مودی نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے درمیان ایک بار پھر بحرانی کیفیت پیدا ہو گئی ہے، ایسے میں اب حکومت پھر سے یہ اسکیم شروع کر رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined