قومی خبریں

’بی جے پی کی سیاست کو لوگ ٹھکرا رہے ہیں کیونکہ...‘، کانگریس نے شمار کرائے بی جے پی کی شکست کے اسباب

پون کھیڑا نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب میں عوام کا پیغام واضح تھا، لیکن لوگوں نے دیکھا کہ حکومت میں اب بھی وہی تکبر اور اینٹھن تھی، اس لیے عوام نے مہینہ بھر میں دوسری بار بی جے پی کو پیغام دے دیا۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے</p></div>

راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے

 

تصویر سوشل میڈیا

گزشتہ 10 جولائی کو 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے اور اس کے نتائج نے کانگریس سمیت انڈیا بلاک کی سبھی پارٹیوں کو بڑی خوشی فراہم کی ہے۔ 13 اسمبلی سیٹوں میں سے 10 پر انڈیا بلاک میں شامل پارٹیوں نے قبضہ کیا ہے۔ اس ریزلٹ کو کانگریس نے مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسی اور نفرت پر مبنی سیاست کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی کانگریس نے بی جے پی کی شکست کے اسباب بھی شمار کرائے ہیں۔

Published: undefined

دراصل انتخابی نتیجہ برآمد ہونے کے بعد کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے ایک پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کچھ اہم باتیں کہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کی سیاست کو لوگ ٹھکرا رہے ہیں کیونکہ... بی جے پی کی سیاست میں جوابدہی کی جگہ نہیں ہے، جمہوری عمل کے تئیں احترام نہیں ہے، پی ایم مودی لوگوں کے سوال کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’عوام کو بی جے پی کی سیاست میں تکبر دکھائی دیتا ہے، اور اس کا نتیجہ سبھی کے سامنے ہے۔‘‘

Published: undefined

میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ ’’ملک بھر میں 13 سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کے نتائج آپ کے سامنے ہیں۔ لوک سبھا انتخاب میں عوام کا پیغام بہت واضح تھا، لیکن لوگوں نے دیکھا کہ حکومت میں اب بھی وہی تکبر اور اینٹھن تھی۔ اس لیے ملک کی عوام نے مہینے بھر میں دوسری مرتبہ بی جے پی کو پیغام دیا ہے۔ ہم اتراکھنڈ کی دونوں سیٹ پر جیتے اور ہماچل پردیش کی بھی دو سیٹ پر جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی کو 13 سیٹوں میں صرف 2 سیٹیں ملی ہیں۔‘‘

Published: undefined

آج ووٹ شماری کے وقت پیش آئے ایک اہم واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’تاریخ میں پہلی بار ہوا ہوگا کہ مدھیہ پردیش کے امرواڑا میں ووٹ شماری روک کر افسر لنچ بریک کر لیتے ہیں۔ پورا انتظامیہ کانگریس کو ہرانے کے لیے مصروف ہو جاتا ہے۔ ہم ووٹرس کو دل سے شکریہ کہتے ہیں، کیونکہ انھوں نے ایسے لوگوں کو سبق سکھایا جو آئین کو بدلنے کی بات کر رہے تھے۔ عوام نے منتخب کی ہوئی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے والوں کو سخت جواب دیا ہے۔‘‘

Published: undefined

منگلور اسمبلی سیٹ پر ہوئی ووٹنگ کے تعلق سے پون کھیڑا نے کہا کہ ’’منگلور میں ووٹنگ کے دن مسلم ووٹرس کو ووٹ دینے سے روکا گیا۔ آج بی جے پی لیڈران/حامی کہتے نظر آ رہے ہیں کہ منگلور مسلم اکثریتی علاقہ ہے، وہاں کانگریس کو جیتنا ہی ہے۔ میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر ایسا ہے تو کانگریس بدری ناتھ اور ایودھیا کس طرح جیت گئی۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی صرف لوگوں کو آپس میں لڑا کر سیاست کر رہی ہے، اس لیے عوام ان کو سخت جواب دے رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

ضمنی انتخاب میں انڈیا بلاک کو ملی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ ’’کانگریس صدر کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ہم لوگوں سے کہتے آئے ہیں کہ ابھی تو یہ شروعات ہے۔ ہم اور ہمارے کارکنان آئندہ انتخابات کے لیے پوری مضبوطی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ جس نظریات کو لے کر ہم نے جدوجہد شروع کی ہے، اسے کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

Published: undefined

اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی ضمنی انتخاب میں انڈیا بلاک کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’اسمبلی ضمنی انتخاب کے مثبت نتائج کے لیے ہم عوام کے سامنے سر بہ سجود ہیں۔ انھوں نے جہاں جہاں کانگریس پارٹی کے امیدواروں کے لیے ووٹ کیا، اس کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ۔‘‘ کانگریس صدر نے مزید لکھا ہے کہ ’’مشکل حالات میں سبھی کانگریس کارکنان کی محنت اور کوششوں کے لیے ہم ان کے مشکور ہیں۔ یہ جیت ظاہر کرتی ہے کہ عوام نے بی جے پی کے تکبر، بدتر حکمرانی اور منفی سیاست کو سرے سے مسترد کر دیا ہے۔ یہ مودی-شاہ جی کے گرتے سیاسی شاخ کا بھی مضبوط ثبوت ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined