مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں چور ہونے کے اندیشہ سے بھیڑ کے ذریعہ دو سادھوؤں اور ایک ڈرائیور کا پیٹ پیٹ کر بے رحمی سے قتل کرنے کے معاملے میں پولس نے 100 سے زائد لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ موب لنچنگ کے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے پر مہاراشٹر حکومت سنجیدہ نظر آ رہی ہے اور ساتھ ہی افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی بھی کر رہی ہے۔ اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ موب لنچنگ واقعہ کے ملزمین میں کوئی بھی مسلم نہیں تھا۔ انل دیشمکھ نے وائرل ویڈیو کو بھی فرضی قرار دیا گیا ہے جس میں سادھوؤں کے قتل میں کسی ملزم کے ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تین ایف آئی آر کی بنیاد پر سی آئی ڈی نے جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
Published: 23 Apr 2020, 10:40 AM IST
وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے جاری کی 101 ملزمین کی فہرست
پالگھر موب لنچنگ واقعہ کے تعلق سے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے ملزمین کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ یہ فہرست ان 101 لوگوں کی ہے جنھیں واقعہ کے 8 گھنٹے کے اندر گرفتار کیا گیا۔ انل دیشمکھ نے ان ناموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے ظاہر کیا کہ جو لوگ فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں انھیں جان لینا چاہیے کہ گرفتار لوگوں میں ایک بھی مسلم شامل نہیں ہے۔ وائرل ہو رہے ویڈیو کے بارے میں صفائی دیتے ہوئے انل دیشمکھ نے کہا کہ ویڈیو میں کوئی 'اوئے بس' بول رہا ہے جسے کچھ لوگ 'شعیب بس' کر کے وائرل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سبھی ریاستیں کورونا وبا سے لڑ رہی ہیں، وہیں کچھ لوگ پالگھر واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں پر کارروائی کی جائے گی۔
Published: 23 Apr 2020, 10:40 AM IST
افواہ پھیلانے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی: سی ایم ادھو ٹھاکرے
پالگھر موب لنچنگ واقعہ کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بتایا تھا کہ انھوں نے اس معاملے میں وزیر داخلہ امت شاہ سے بات کی ہے۔ واقعہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے وہاں موجود دو پولس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے اے ڈی جی سی آئی ڈی کرائم اتل چندر کلکرنی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ وہیں وزیر اعلیٰ ادھو نے صاف کیا تھا کہ یہ واقعہ مذہب سے جڑا نہیں ہے، ایسے میں افواہ پھیلانے والے لوگوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
Published: 23 Apr 2020, 10:40 AM IST
آخر کیا ہے پورا معاملہ؟
دراصل مہاراشٹر کے پالگھر میں گزشتہ ہفتہ مقامی لوگوں نے تین لوگوں کو چور سمجھ کر پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ مہلوکین کی شناخت 35 سالہ سشیل گری مہاراج، 70 سالہ چکنے مہاراج کلپ ورکش گری اور 30 سالہ نیلیش تیلگڑے کی شکل میں ہوئی ہے۔ نیلیش سادھوؤں کا ڈرائیور تھا۔ یہ تینوں لوگ ممبئی سے سورت کسی کی آخری رسوم میں جا رہے تھے۔ پالگھر ضلع کے ایک گاؤں میں 100 سے زیادہ لوگوں کی بھیڑ ان پر ٹوٹ پڑی۔ دیہی لوگوں نے پولس کی گاڑی پر بھی حملہ کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس پورے علاقے میں کچھ دنوں سے بچہ چور گروہ کی افواہ پھیلی ہوئی تھی۔
Published: 23 Apr 2020, 10:40 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Apr 2020, 10:40 AM IST