لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اقتدار کا گھمنڈ چھوڑ کر ایک کنبہ کی طرح سوچے اور فوری طور پر کورونا متاثرین کے گھروں پر آکسیجن کا بندوبست کرے۔ اکھلیش یادو نے پیر کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ مریض تو مریض ہے، گھر میں ہو یا اسپتال میں۔ ان کی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ویکسین کی قیمتوں میں یکسانیت ہونی چاہیے اور ملک بھر میں فوری اور مفت ٹیکہ لگانے کا نظام ہونا چاہیے۔ اکھلیش یادو نے پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا بحران کے دوران لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ دور اندیشی کے فقدان اور بدانتظامی کی وجہ سے بی جے پی نے ریاست اتر پردیش کو کورونا ریاست بنا دیا ہے۔ ایک طرف حکومت جاں بحق افراد کی تعداد ظاہر کرنے کے لئے جعلی اعداد و شمار دے رہی ہے تو دوسری طرف شمشانوں میں چتائیں بجھنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ آکسیجن، بستر، دوا کی کمی کی وجہ سے سانس کی ہنگامی صورتحال ہے۔ وزیر اعلی کے بیان جو بھی ہوں، بی جے پی ایم ایل اے اور ممبران پارلیمنٹ دھرنے دینے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ یہ بی جے پی سرکار کی ناکامی نہیں تو اور کیا ہے۔
Published: undefined
اکھلیش یادو نے کہا کہ کالا بازاری پر لگام لگانے میں سرکار کی ناکامی اظہر من الشمس ہے۔ متاثرہ افراد کے علاج کے لئے، بی جے پی حکومت کی جانب سے جن اسپتالوں اور ڈاکٹروں کے نام اور ٹیلیفون نمبروں کو مشتہر کیا جا رہا ہے، وہ زیادہ تر جعلی ہیں۔ اس جھوٹ کی مدد سے وزیر اعلی اپنی کوتاہیوں کو چھپا رہے ہیں جبکہ زمینی صورتحال خراب سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔ ریاست اتراپردیش کی تاریخ میں کبھی بھی ایسی غیر سنجیدہ حکومت نہیں آئی تھی۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ سائنسدان اور سینئر ڈاکٹر لگاتار اشارے دے رہے تھے کہ کورونا وبا کی دوسری لہر زیادہ متعدی ہوگی، لیکن تب بھی بی جے پی حکومت نے کوئی تیاری نہیں کی۔ جب شمشانوں اور قبرستانوں میں لاشوں کے ڈھیر لگ گئے، چہار جانب تڑپ تڑپ کر ہلاکتیں ہونے لگیں، قتل عام جیسے حالات پیدا ہوئے تو بی جے پی کی حکومت حواس باختہ ہو گئی ہے۔ اس نااہل اور ناکارہ حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت اور وزیر اعلی کا یہ لاپرواہ فعل جرم ہے، کوئی غلطی نہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے آنسو خشک ہو چکے ہیں اور حکومت کی آنکھوں کا پانی مرگیا ہے۔ بی جے پی حکومت جمہوریت میں ایک لعنت بن چکی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined