لاک ڈاؤن کے درمیان غریب مہاجر مزدوروں کے اوپر تکلیفوں کا پہاڑ کھڑا نظر آ رہا ہے۔ ایک طرف کورونا انفیکشن کی وجہ سے ان کا روزگار چھن گیا ہے اور وہ دانے دانے کو محتاج ہو گئے ہیں، اور دوسری طرف بسوں و ٹریکٹروں کے سہارے یا پھر سینکڑوں کلو میٹر پیدل چل کر اپنے گھر پہنچنے کی امید لگائے مزدوروں کے سر پر سڑک حادثوں کا بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ گھنٹوں میں الگ الگ مقامات پر ہوئے 3 سڑک حادثے کچھ ایسا ہی ظاہر کر رہے ہیں کیونکہ ان حادثوں میں 16 مہاجر مزدور ہلاک ہو گئے اور کم و بیش 70 زخمی ہوئے ہیں، جن کا الگ الگ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ ان میں سے کئی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
Published: undefined
ایک حادثہ مدھیہ پردیش کے گُنا ضلع میں ہوا جہاں بائی پاس شاہراہ پر بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر ہو گئی۔ اس حادثہ میں 8 مزدور ہلاک ہو گئے اور 54 مہاجر مزدوروں کے زخمی ہونے کی اطلاع گُنا کے اے ایس پی ٹی ایس بگھیل نے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مزدور اتر پردیش کے رہنے والے ہیں جو مہاراشٹر سے اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ ان مزدوروں نے کچھ دور پیدل سفر کیا اور پھر ٹرک میں سوار ہو گئے۔ علی الصبح تقریباً 3 بجے پیش آئے اس حادثہ میں زخمی ہونے والے مزدوروں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت ابراہیم، اجیت، ارجن، وسیم، رمیش اور سدھیر کے طور پر ہوئی ہے ۔ 2 کی شناخت فوری طور پر نہیں کی جا سکی۔
Published: undefined
دوسرا حادثہ رات کے تقریباً 1 بجے اتر پردیش کے مظفر نگر-سہارنپور اسٹیٹ ہائی وے پر پیش آیا جہاں 8 مہاجر مزدوروں کو ایک روڈویز بس نے روند دیا۔ یہ سبھی مزدور پنجاب سے پیدل بہار اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔ اس حادثے میں 6 مزدور جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ باقی دو مزدوروں کو زخمی حالت میں میرٹھ میڈیکل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مہاجر مزدوروں کا تعلق بہار کے گوپال گنج ضلع سے تھا۔ حادثہ مظفر نگر کے گھلولی چیک پوسٹ سے ٹھیک آگے روہانا ٹول پلازہ کے پاس ہوا ہے اور سٹی کوتوالی انچارج انل کپروان نے 6 مزدوروں کی موت سے متعلق تصدیق کر دی ہے۔ انل کپروان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ حادثے میں مرنے والوں کی شناخت ہرک سنگھ (51 سال)، وکاس (22 سال)، گڈو (18 سال)، وسودیو (22 سال)، ہریش (28 سال) اور ویریندر (28 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولس مہلوکین کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Published: undefined
تیسرا سڑک حادثہ بہار کے سمستی پور میں پیش آیا جس میں کم از کم 2 مزدوروں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سمستی پور کے شنکر چوک کے پاس بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر ہوئی جس میں 12 مہاجر مزدور بری طرح زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال علاج کے لیے لے جایا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق 32 مہاجر مزدوروں کو لے کر بس مظفر پور سے کٹیہار جا رہی تھی اسی دوران حادثہ پیش آیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز