سپریم کورٹ نے پیر کے روز 2002 کے گجرات فسادات کی متاثرہ بلقیس بانو کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری اور اس کے کنبہ کے اراکین کے قتل کے قصوروار 11 لوگوں کی وقت سے پہلے رِہائی کے خلاف داخل عرضی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اس جرم کو اندوہناک بتایا۔ جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے کہا کہ عرضی پر سماعت سے پہلے عدالت یہ جاننا چاہے گی کہ ایشو کا دائرہ کیا ہے، جو اس ڈھانچے کو جاننے میں مدد کرے گا جس کے اندر ایشوز پر غور کیا جانا ہے۔
Published: undefined
بلقیس بانو کی نمائندگی کرنے والی وکیل شوبھا گپتا نے بتایا کہ ریاست (مہاراشٹر) جہاں ٹرائل کیا گیا تھا، اس کو قصورواروں کی چھوٹ پر فیصلہ لینا چاہیے، نہ کہ اس ریاست کو جہاں جرم کیا گیا تھا۔ معاملہ کی سماعت کے دوران بنچ نے زبانی طور سے کہا کہ یہ جرم بھیانک تھا۔
Published: undefined
عرضی دہندگان میں سے ایک کی نمائندگی کرنے والی وکیل ورندا گروور نے دلیل دی کہ ٹرائل جج نے کہا کہ کوئی چھوٹ نہیں دی جانی چاہیے اور سی بی آئی نے بھی کہا کہ چھوٹ نہیں دی جانی چاہیے، پھر بھی انھیں رِہا کر دیا گیا۔ جیسا کہ ججوں نے پوچھا کہ ہر ملزم نے کتنے سال جیل میں گزارے ہیں، ایک قصوروار کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا کہ 15 سال اور 14 سال سے زیادہ اور گجرات حکومت کی چھوٹ پالیسی کے تحت اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ حالانکہ عرضی دہندگان میں سے ایک کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے اس کی مخالفت کی تھی۔
Published: undefined
گروور نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ پیرول پر رہتے ہوئے قصوروار کے خلاف خاتون سے چھیڑ چھاڑ کا ایک اور معاملہ درج کیا گیا تھا اور چھوٹ دیتے وقت اسے پوری طرح سے نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں سماعت کے دوران دلیل دی گئی کہ 11 قصورواروں کی رِہائی کے خلاف سبھی عرضیاں جذباتی دلائل پر مبنی تھیں۔ حالانکہ بنچ نے کہا کہ یہ صرف قانون پر ہے اور اس کا جذبات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بلقیس بانو اور اس کے کنبہ کے خلاف جرم کو خوفناک بتاتے ہوئے بنچ نے واضح کیا کہ اس معاملے کا فیصلہ قانون کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
Published: undefined
تفصیلی دلائل سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے معاملے کی آئندہ سماعت 18 اپریل کو مقرر کی۔ جسٹس جوزف نے کہا کہ عدالت کے پاس قتل کے کئی معاملے ہیں جہاں قصوروار سالوں سے چھوٹ کے لیے جیلوں میں سڑ رہے ہیں اور سوال کیا کہ کیا یہ ایسا معاملہ ہے جہاں دیگر معاملوں کی طرح یکساں طور سے پیمانوں کو نافذ کیا گیا ہے؟
Published: undefined
بنچ نے معاملے میں شامل فریقین کو سماعت کی آئندہ تاریخ تک دلیلیں پوری کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی ریاستی حکومت کو سماعت کی اگلی تاریخ پر قصورواروں کو چھوٹ دینے سے جڑی متعلقہ فائلوں کے ساتھ تیار رہنے کو کہا۔ دلیل میں بلقیس بانو نے کہا کہ سبھی قصورواروں کی وقت سے پہلے رِہائی کی خبر نہ صرف عرضی دہندہ، اس کی بڑی بیٹیوں، اس کے گھر والوں کے لیے، بلکہ بڑے پیمانے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر سماج کے لیے جھٹکے کی شکل میں آئی اور سبھی طبقات کے سماج نے معاملے کے 11 قصورواروں کو رِہا کر کے حکومت کے ذریعہ دکھائے گئے رحم کے تئیں اپنا غصہ، مایوسی، عدم اعتمادی اور مخالفت ظاہر کی تھی۔
Published: undefined
عرضی میں رِہائی کے حکم کو میکانیکل بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشہور بلقیس بانو معاملے میں قصورواروں کی وقت سے پہلے رِہائی نے سماج کی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور اس کے نتیجہ کار ملک بھر میں کئی تحریکیں ہوئی ہیں۔ سبھی 11 قصورواروں کو گجرات حکومت نے چھوٹ دی تھی اور گزشتہ سال 15 اگست کو رِہا کر دیا تھا۔
Published: undefined
بلقیس بانو کی عرضی سمیت 11 قصورواروں کی رِہائی کے خلاف عرضیوں کا ایک بیچ داخل کیا گیا ہے۔ دیگر عرضیاں سی پی ایم لیڈر سبھاسنی علی، ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا، نیشنل فیڈریشن آف انڈین ویمن، میران چڈھا بورونکر اور عاصمہ شفیق شیخ اور دیگر کے ذریعہ داخل کی گئی تھیں۔ عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں داخل سبھی عرضیوں پر نوٹس جاری کیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز