اڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے ٹرین حادثہ کے بعد وہاں چیخ و پکار کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اب تک تقریباً 50 مسافروں کے ہلاک ہونے اور 200 کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ بچاؤ و راحت کاری کا عمل تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے اور ٹرین میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں بھی چل رہی ہیں۔ کورومنڈل ایکسپریس کے ساتھ پیش آئے اس دردناک حادثہ کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بذریعہ ٹوئٹ شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Published: undefined
صدر دروپدی مرمو نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اڈیشہ کے بالاسور میں ایک افسوسناک ریل حادثہ میں لوگوں کی موت کے بارے میں جان کار بہت دکھا ہوا۔‘‘ پی ایم مودی نے اس حادثہ پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا کہ ’’اڈیشہ میں ٹرین حادثہ سے افسردہ ہوں۔ تکلیف کے اس لمحہ میں میری ہمدردیاں غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے پرامید ہوں۔ وزیر ریل اشونی وشینو سے بات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔‘‘
Published: undefined
دراصل بہاناگا بازار اسٹیشن پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کورومنڈل ایکسپریس کولکاتا کے نزدیک شالیمار اسٹیشن سے چنئی سنٹرل جا رہی تھی۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک فوراً کنٹرول روم پہنچے۔ بعد ازاں انھوں نے کہا کہ ’’میں نے ابھی ابھی اس افسوسناک ریل حادثہ کا جائزہ لیا ہے۔ میں کل صبح جائے حادثہ کا دورہ کروں گا۔‘‘
Published: undefined
اس درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی کورومنڈل ایکسپریس کے مال گاڑی سے ٹکرانے اور کئی ڈبے پٹری سے اترنے کی خبر پر دکھ کا اظہار کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے ہیلپ لائن نمبر جاری کرنے اور بچاؤ و راحت کاری کے عمل کی جانکاری دی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’یہ جان کر حیرانی ہوئی کہ مغربی بنگال سے مسافروں کو لے جا رہی شالیمار-کورومنڈل ایکسپریس آج شام بالاسور کے پاس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی اور ہمارے کچھ مسافر سنگین طور پر زخمی ہو گئے۔‘‘
Published: undefined
بہرحال، اڈیشہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ کو لے کر مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے بھی شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے مہلوکین کے کنبوں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی سنگین طور سے زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی طور سے زخمی مسافروں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اشونی ویشنو جائے حادثہ کے لیے روانہ بھی ہو گئے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز