ہندو-مسلم منافرت میں سوشل میڈیا کا کردار دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کی تازہ مثال کرناٹک میں دیکھنے کو ملی جہاں باگل کوٹ پولیس نے سدھارودھا سری کانت نرالے نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔ سری کانت نرالے نے مسلم نام سے جعلی فیس بک پروفائل بنائی ہوئی تھی اور بی جے پی رکن اسمبلی ڈی ایس ارون کے رشتہ داروں کو دھمکی دے رہا تھا۔ 31 سالہ نرالے کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ضلع بیلگاوی میں گوکک کے نزدیک شنڈی کربیٹ گاؤں میں رہتے ہیں اور کسان ہیں۔
Published: undefined
ایک رپورٹ کے مطابق سدھارودھا نے سوشل میڈیا پر موجود کچھ لوگوں کی پروفائل سے تصویریں لے کر مشتاق علی کے نام سے پروفائل تیار کی۔ پھر اس نے نیوز رپورٹس اور سیاسی لیڈروں کے بیانات کو مدنظر رکھ کر فرقہ وارانہ طور پر حساس معاملوں میں لکھنا اور تبصرہ کرنا شروع کر دیا۔ بجرنگ دل کارکن ہرشا کے قتل کے بعد سری کانت نرالے نے یکے بعد دیگرے کئی پوسٹس کیے۔ اس نے سوشل میڈیا ہینڈل ’مشتاق علی‘ کا استعمال کرتے ہوئے فرقہ وارانہ طور پر حساس کچھ تبصرے بھی کیے۔ سدھارودھا نے ڈی ایس ارون کے سوشل میڈیا ہینڈل کے حوالے سے بھی ایک پوسٹ کیا۔ ایک پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ’’آپ سوچ سکتے ہیں کہ آج ایک ہندو کارکن مرا ہے۔ لیکن آنے والے دنوں میں ہم تمھاری بیوی اور بچوں کو ہدف بنائیں گے۔‘‘
Published: undefined
اس طرح کے پوسٹ کو دیکھتے ہوئے ایم ایل سی ’ڈی ایس ارون‘ نے شیوموگا واقع سائبر، اکونومکس اینڈ نارکوٹکس پولیس وِنگ میں شکایت درج کرائی۔ باگل کوٹ میں بھی پولیس نے کچھ دایاں محاذ کارکنوں کی شکایت کے بعد کیس درج کیا۔ بعد ازاں باگل کوٹ پولیس نے سدھارودھا سری کانت نرالے کو گرفتار کر لیا اور عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد عدالتی حراست میں بھیج دیا۔
Published: undefined
اس تعلق سے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے ’’مشتاق علی کے نام سے بنے ایک فیس بک پروفائل کے ذریعہ ہندوؤں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی تھی اور کرناٹک کے بی جے پی ایم ایل سی کو دھمکایا گیا۔ ہندوتوا گروپ نے اس کی شکایت کی اور باگل کوٹ پولیس کو پتہ چلا کہ سدھارودھا سری نے یہ جعلی اکاؤنٹ بنایا ہے۔ اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ اسلاموفوبک فیکٹری کس طرح کام کرتی ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined