اتر پردیش میں ترقی اور اچھے کاموں کا دعویٰ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھلے ہی خوب کرتے ہوں، لیکن بی جے پی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اس بات کو درست نہیں مانتے۔ ایک عوامی تقریب کے دوران اس تعلق سے انھوں نے یوگی حکومت پر طنز بھی کیا اور کہا کہ یہاں کی بسوں میں ہارن کے علاوہ سب کچھ بجتا ہے۔
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST
دراصل مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹیشن نتن گڈکری بی جے پی کے لیے انتخابی تشہیر کرنے یو پی کے بلیا پہنچے تھے۔ اس دوران ایک جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا کہ اتر پردیش کی بس ایسی ہیں جن میں ہارن کے علاوہ سب بجتا ہے۔ گڈکری نے یو پی کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی بسوں کا موازنہ مہاراشٹر حکومت کی بسوں سے کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں بس یو پی کی بس جیسی نہیں ہیں۔ ہمارے ناگپور میں 35 ائیر کنڈیشنر بسیں ہیں جو اتھنال سے چلتی ہیں۔
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جب نتن گڈکری نے اپنی ہی پارٹی کے لیڈر اور پی ایم مودی پر حملہ کیا ہے۔ اس سے پہلے کئی بار اشاروں اشاروں میں حملہ کر چکے ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ صرف اچھا بولنے سے کوئی الیکشن نہیں جیت سکتا۔ حال ہی میں نتن گڈکری نے تین ریاستوں میں بی جے پی کی شکست کے بارے میں کہا تھا کہ ’’کامیابی کے تو کئی دعویدار ہوتے ہیں لیکن ناکامی یتیم ہوتی ہے۔ جہاں کامیابی ہے، وہاں سہریٰ لینے والوں کی بھیڑ لگی ہوتی ہے، لیکن شکست میں ہر کوئی ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے لگتا ہے۔‘‘
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST
اتنا ہی نہیں، نتن گڈکری نے ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ پاکستان میں گھس کر دہشت گرد کیمپوں پر کیے گئے ائیر اسٹرائیک پر بھی اپنی پارٹی کو نصیحت دی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کو عام انتخاب سے نہیں جوڑا جانا چاہیے اور نہ ہی کسی کو اس کا سیاسی فائدہ یا سہریٰ لینا چاہیے۔
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST
اس کے علاوہ ممبئی میں منعقد ایک تقریب میں مرکزی وزیر نتن گڈکری نے پی ایم مودی کو اشاروں اشاروں میں نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’خواب دکھانے والے لیڈر لوگوں کو اچھے لگتے ہیں، لیکن دکھائے ہوئے خواب اگر پورے نہیں کیے جائیں تو عوام ان کی پٹائی بھی کرتی ہے۔ اس لیے خواب وہی دکھاؤ جو پورے ہو سکیں۔‘‘
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 May 2019, 3:10 PM IST