پی این بی مہاگھوٹالہ کے اہم ملزم چھوٹے مودی یعنی نیرو مودی نے بینک لوٹ کر جو شہرتِ بد حاصل کی ہے اس کا عکس اس بار ہولی میں بھی دکھائی دینے والا ہے۔ ممبئی کے بی بی ڈی چال نے اس معاملے میں پیش قدمی کرتے ہوئے ’ہولیکا دَہن‘ کے وقت چھوٹے مودی کو نذرِ آتش کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد بی بی ڈی چال لوگوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ اس چال میں رہنے والے لوگوں نے نیرو مودی کا مجسمہ بھی تیار کر لیا ہے جو 50 فیٹ اونچا ہے۔ اس مجسمہ کو بوقت شام ہولیکا میں دَہن کیا (جلایا) جائے گا۔ اس مجسمہ پر ’پی این بی گھوٹالہ ڈائمنڈ کنگ‘ لکھا ہوا ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ہولی سے ایک دن قبل پورے ملک میں ’ہولیکا دَہن‘ کیا جاتا ہے اور اس کو برائی پر اچھائی کی جیت قرار دیا جاتا ہے۔ ’ہولیکا‘ جلانے کے موقع پر بی بی ڈی چال کے لوگوں نے جس طرح نیرو مودی کے مجسمہ کو جلانے کا منصوبہ بنایا ہے اس سے ظاہر ہے کہ انھوں نے نیرو مودی کو برائی کی علامت بنا کر پیش کیا ہے۔ نریندر مودی حکومت میں چھوٹے مودی نے جس طرح پی این بی کو لوٹا ہے اور چوری کے بعد سینہ زوری کر رہے ہیں، اس سے عوام میں ایک ناراضگی ضرور ہے اور اس مرتبہ بی بی ڈی چال کے باشندے ’ہولیکا‘ میں نیرو مودی کو جلا کر اس ناراضگی کو ظاہر کریں گے۔ ایک طرح سے یہ ناراضگی نریندر مودی حکومت کے خلاف بھی ہوگی کیونکہ ان کی بے حسی اور بداحتیاطی نے نیرو مودی کو گھوٹالے کا انکشاف ہونے سے پہلے ملک سے باہر بھاگنے کا موقع فراہم کیا۔
بی بی ڈی چال میں اس ’ہولیکا دَہن‘ کا انعقاد کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نیرو مودی نے جو کچھ کیا ہے اس سے ملک کی شبیہ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچا ہے۔ یہی سبب ہے کہ ہم اس کے مجسمہ کو نذر آتش کر رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی بی ڈی چال کے لوگ وجے مالیا کا بھی مجسمہ نذر آتش کر چکے ہیں۔ یہاں کے لوگ تقریباً 10 سالوں سے ہولیکا دَہن کرتے آئے ہیں اور ہر سال الگ الگ تھیم پر ہولیکا بناتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ بی بی ڈی چال کے ہولیکا دَہن کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز