لندن: پنجاب نیشنل بینک ( پی این بی) کے ہزاروں کروڑ روپے لے کر بیرون ملک فرار تجارت پیشہ نیرو مودی کو آج اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ویسٹ منسٹر کی عدالت نے اس کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے 29 مارچ تک پولس حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔
پی این بی کے ساتھ 13 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کے اہم ملزم نیرو مودی کو اسکاٹ لینڈ یارڈ پولس نے گرفتار کرکے ویسٹ منسٹر کورٹ میں پیش کیا تھا۔ نیرو مودی کی جانب سے وکیل آنند دوبے نے پیروی کی، لیکن ان کی دلیلیں خارج کرتے ہوئے عدالت نے نیرو مودی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی اور ہیرے کے کاروباری کو اس معاملے کی آئندہ سماعت کی تاریخ 29 مارچ تک کے لئے پولس تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ آنند دوبے مفرور کاروباری وجے مالیا کے بھی وکیل ہیں۔
Published: 20 Mar 2019, 8:10 PM IST
دریں اثناء، ممبئی کی انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ ( پی ایم ایل اے) کی خصوصی عدالت نے نیرو مودی کی 173 قیمتی پینٹنگ اور 11 مہنگی کاروں کی نیلامی کے لئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ منسٹر کورٹ نے پیر کے روز نیرو مودی کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ نیرو مودی 17 ماہ پہلے ملک سے بھاگ گیا تھا۔ اسے چند روز پہلے ہی لندن کی سڑکوں پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ حکومت اس کی حوالگی کے لئے کارروائی کر رہی ہے۔
مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے انٹرپول اور برطانوی حکام سے رابطہ قائم کرکے نیرو مودی کے خلاف جاری ریڈ کارنر نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا ۔ نیرو مودی اور اس کے ماما میهل چوکسی نے مل کر پی این بی کو 13 ہزار کروڑ روپے کا چونا لگایا تھا۔
ہندوستانی حکام کی درخواست پر نیرو مودی کی گرفتاری کے لئے گزشتہ سال جولائی میں انٹرپول نے ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا تھا۔
Published: 20 Mar 2019, 8:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Mar 2019, 8:10 PM IST