سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکز میں بننے والی نئی حکومت سے اپنی سخت گیر پالیسی ترک کرنے اور پاکستان سے مذاکرات کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے لئے اپنائے جا رہے حربوں پر بھی روک لگنی چاہیے۔
Published: undefined
فاروق عبداللہ نے یہ باتیں گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پارٹی لیڈران و کارکنوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہیں۔ وہ انہیں سری نگر پارلیمانی نشست پر شاندار جیت درج کرنے پر مبارکباد پیش کرنے کے لئے آئے تھے۔ فاروق عبداللہ کا کہنا تھا ’’میں مرکز میں بننے والی نئی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ سخت گیر پالیسی ترک کر کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔‘‘
انہوں نے کہا ’’ریاست میں امن لوٹ آنے کی واحد صورت یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اہل کشمیر کے امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے اور ریاست کے لوگوں کو دفعہ 370 تحت جو آئینی اور جمہوری مراعت دیئے گئے ہیں ان کو فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے اور ایسے تمام حربوں پر روک لگا دی جانی چاہیے جو ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کے لئے کیے جا رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
فاروق عبداللہ نے خطہ چناب، پیرپنچال، جموں، لداخ اور کرگل میں نیشنل کانفرنس کے حمایتی امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے ووٹروں کا بھی تہیہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام اقلیتوں کے ساتھ انصاف کرنے کے ساتھ ساتھ نیشنل کانفرنس ریاست کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی علاقائی خود مختاری کے لئے وعدہ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے نیشنل کانفرنس اگلی حکومت بنائے گی اور ہماری حکومت سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔
Published: undefined
پارٹی کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے پارٹی لیڈران، عہدیداران، کارکنان، معزز شہریوں اورسماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ لوگوں نے پارلیمانی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی کامیابی پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو مبارکباد پیش کی، پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور پھولوں کے ہار پہنائے۔
Published: undefined
فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کی کامیابی کے لئے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اشتراک کے بنا یہ کامیابی ناممکن تھی اور جس طرح سے کشمیری عوام نے اپنی آبائی جماعت کو بھر پور تعاون دیا ہم اُس کے لئے شکرگزار ہیں۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب ساتھ ہوکر چلیں، اسی میں ہماری کامیابی اور کامرانی کا راز مضمر ہے۔ ہمیں جماعت کو سوچ کر چلنا ہے، جماعت کو مضبوط کرنا ہے، جماعت کی کامیابی ہی فرد کی کامیابی ہوتی ہے۔ ہم نے پہلا امتحان پاس کرلیا ہے، جس کے لئے آپ مبارکبادی کے مستحق ہیں، اب ہمارے سامنے اصلی امتحان ہے اور اُس میں کامیابی کے لئے ہمیں بہت زیادہ محنت کرنی ہے۔
Published: undefined
دریں اثناء پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر (چیف پولنگ ایجنٹ) نے فاروق عبداللہ کو کامیابی کی سند پیش کی جو انہوں نے سری نگر بڈگام حلقہ انتخاب کے ریٹرنگ افسر سے وصول کی تھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر @revanth_anumula
تصویر: پریس ریلیز