نئی دہلی: قومی اردو کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر داکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ قومی سطح پرمنعقد ہونے والے نیٹ کے امتحان کی تیاری کے لئے قومی کونسل اردو میں نصاب تیار کرے گی تاکہ اردو میڈیم سے پڑھنے والے زیادہ زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے یہ بات ایک ورکشاپ میں کہی۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ بہت سے طلبا جو اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ مستقبل میں ڈاکٹری کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں انھیں نیٹ کے امتحانات کی تیاری میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنھیں دور کرنے کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کونسل کی جانب سے ایک ایسا جامع نصاب مرتب کیا جائے جو ’نیٹ‘ کی تیاری میں اردو طلبا کے لیے معاون ہو اور اس کی مدد سے وہ ان امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے میڈکل کورسز میں داخلہ لے سکیں۔
Published: undefined
انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل نہ صرف اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں انجام دیتی ہے بلکہ اس کا ایک خاص مقصد یہ بھی ہے کہ اردو طلبا کو جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ اردو زبان و ادب کے علاوہ ان کی خواہش کے مطابق دیگر علمی شعبوں میں بھی ان کی رہنمائی کی جائے اور اس سلسلے میں ان کی ہر قسم کی علمی وعملی مدد کی جائے تاکہ ان کا مستقبل روشن و محفوظ ہوسکے اور وہ قوم وملک کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید و کار آمد ثابت ہوسکیں۔ اسی مقصد کے پیش نظر کونسل کی جانب سے اردو کے علاوہ عربی، فارسی، خطاطی اور کمپیوٹرکے مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں اور اب ہم طلبا کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کونسل کی جانب سے ’نیٹ‘ کی تیاری کے لیے بھی کتابیں شائع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ اس ورکشاپ میں شرکا نے بایولوجی اور کیمسٹری پر تیار شدہ مواد کو دیکھنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اس کو مزید بہتر بنانے کے امکانات کی نشان دہی کی اور کہا کہ بقیہ مواد بھی جلد ازجلد مرتب کروا کے گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد اس کی اشاعت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس ورکشاپ میں پروفیسرمشاہدحسین، پروفیسر تسنیم فاطمہ، پروفیسرجسیم احمد، ڈاکٹر عطاء الرحمن، شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمک)، ڈاکٹر فیروز عالم (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر) اور ذیشان فاطمہ (ریسرچ اسسٹنٹ) شریک رہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ میڈیکل کورسز میں داخلے کے خواہش مند طلبا و طالبات کے لیے قومی سطح پر منعقد ہونے والے نیٹ (NEET)امتحانات کے لیے اردو میں مواد کی فراہمی کے سلسلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی جانب سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں اس حوالے سے بایولوجی، کیمسٹری اور فیزکس پر طالبات کے لیے مفید کتابیں مرتب کرنے پر غور و خوض کیا گیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined