سیاسی اور فلمی ہستیوں کے درمیان مقبول این سی پی لیڈر بابا صدیقی کا آج شب کچھ شر پسند عناصر نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ 12 اکتوبر کی شب ممبئی کے باندرہ ایسٹ علاقہ میں ان پر برسرعام کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی جو ان کے پیٹ اور سینے میں لگی۔ انھیں سنگین حالت میں فوراً لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا، لیکن علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ اس خبر نے سیاسی حلقہ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ حلقہ میں بھی غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ ایک طرف جہاں سیاسی ہستیوں کے ذریعہ تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، وہیں دوسری طرف خبر سامنے آ رہی ہے کہ سلمان خان نے ’بگ باس‘ کی شوٹنگ کینسل کر لیلاوتی اسپتال کا رخ کیا ہے۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا صدیقی کو سینے اور پیٹ میں دو سے تین گولیاں لگی ہیں۔ وہ اپنے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر گئے ہوئے تھے جب ان پر اچانک کئی گولیاں چلائی گئیں۔ اس معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔ ممبئی پولیس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ ’سپاری کلنگ‘ کا معاملہ ہو سکتا ہے۔
Published: undefined
اس قتل معاملہ میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ایک ابھی فرار ہے۔ شندے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی نظام قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔ ممبئی پولیس کو سخت سے سخت کارروائی کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس کے بھی لیلاوتی اسپتال پہنچنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ این سی پی چیف اجیت پوار ابھی ممبئی سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ بابا صدیقی باندرہ مغرب سے تی مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور مہاراشٹر میں وہ وزیر بھی رہے۔ وہ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ممبئی ڈویژن کے چیف بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے سیاست کی شروعات ایک طلبا لیڈر کی شکل میں کی تھی۔ پہلی بار بی ایم سی میں کارپوریٹر منتخب ہوئے تھے۔ 1999، 2004 اور 2009 میں باندرہ ویسٹ سے اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014 اسمبلی انتخاب میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Published: undefined
بابا صدیقی کی سیاسی زمین بادرہ ہی رہی ہے۔ بیشتر فلمی ہستیاں باندرہ میں ہی رہتی ہیں، اس لیے ان کی مشہور و معروف فلمی ہستیوں سے دوستی رہی ہے۔ ان کی پارٹیوں میں بالی ووڈ ہستیوں کی آمد ہمیشہ سے مشہور رہی ہے۔ پہلی مرتبہ وہ سنیل دَت کے رابطہ میں آئے تھے۔ اس کے بعد سنجے دَت کے وہ بے حد قریب ہو گئے۔ سنجے کے ذریعہ ہی ان کی سلمان خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس کے بعد بابا صدیقی کی شہرت یافتہ افطار پارٹیوں میں فلمی ستاروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ سلمان اور شاہ رخ کے درمیان دشمنی ختم کرانے میں بھی ان کا بہت بڑا تعاون رہا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined