جس نریندر مودی کو مسلمانوں کی دی ہوئی ٹوپی پہننا قبول نہیں تھا آج وہی نریندر مودی مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی ایک مسجد میں نہ صرف موجود تھے بلکہ ان کو مسجد کی ایک تقریب میں کلمہ دہراتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے (ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے)۔ مودی یہاں کی سیفی مسجد میں داؤدی بوہرا جماعت کی تقریب ’عالمی پیغام انسانیت‘ میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس تقریب میں داؤدی بوہرا جماعت روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین بھی موجود ہیں۔
سوال یہ ہے کہ مودی آخر مسجد میں کیوں گئے! آر ایس ایس کی خطرناک ذہنیت، دامن پر گجرات فسادات کے داغ اور مسلم مخالف سیاست سے دہلی کے اقتدار تک کا سفر طے کرنے والے نریندر مودی نے جب حکومت کی باگڈور سنبھالی تو مسلم طبقہ کو عید کے موقع پر مبارک باد کے لائق بھی نہیں سمجھا تھا۔کسی مسلم شخص نے انہیں ٹوپی پہنانے کی کوشش کی تو مودی نے ہاتھ تک جھٹک دیا تھا۔ ان کے حامی انتخابات سے قبل اور بعد میں آج تک مسلمانوں کو آئے دن پاکستان بھگا دینے کی دھمکی دیتے ہیں، جنہیں مودی کبھی خاموش نہیں کراتے۔
ہندو قدامت پسند تنظیموں سے وابستہ افراد جب گئو رکشا کے نام پر کھلے غنڈہ گردی کرتے ہیں اور مسلمانوں کو موب لنچنگ کے ذریعہ موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں تو بھی ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں پھوٹتا۔ ایسے حالات میں مودی کا کسی مسجد کا دورہ کرنا یہ قطعی ظاہر نہیں کرتا کہ وہ مسلمانوں کو ساتھ لے کر چلنے لگے ہیں۔ دراصل 2019 کے انتخابات میں اب بہت ہی کم وقت بچا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر کئی شعبوں میں ہندوستان کی جو بدنامی ہوئی ہے اس کی وجہ سے مودی اب چاہتے ہیں کہ اعتدال پسند رہنما کا بھیس بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ اور اس کے لئے ایک مسجد میں جانا انہیں سب سے بہتر نظر آیا۔
Published: 14 Sep 2018, 11:59 AM IST
سوال یہ بھی ہے کہ مودی نے دورہ کے لئے داؤدی بوہرا طبقہ کی مسجد کا ہی انتخاب کیوں کیا، جبکہ ووٹوں کے لحاظ سے اس طبقہ کی موجودگی مدھیہ پردیش کے محض تین شہروں اندور، اجین اور برہان پور میں ہی ہے۔ دراصل سیاسی جماعتوں کے لئے بوہرا طبقہ کی اہمیت ان کے ووٹوں سے زیادہ نوٹوں کی ہے، جو چناوی چندے کے طور پر انہیں مل سکتے ہیں۔
Published: 14 Sep 2018, 11:59 AM IST
بی بی سی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق ، سیدنا سیف الدین اپنے پیروکاروں سے مختلف طریقوں سے جمع کی گئی رقومات میں سے سیاسی جماعتوں کو چناوی چندہ دیتے ہیں۔ اس لئے اہم سیاسی جماعتوں کی قیادت کا سیدنا کے حضور میں پیش ہونا کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔حالانکہ چندہ غیر اعلانیہ طور پر دیا جاتا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ نریندر مودی پہلے ایسے وزیر اعظم ہیں جو بوہرا طبقہ کے روحانی پیشوا سے ملاقات کے لئے پہنچے ہیں۔ اس سے قبل کسی وزیر اعظم نے اس طرح ان کی خدمت میں حاضری نہیں بجائی ہے۔
Published: 14 Sep 2018, 11:59 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Sep 2018, 11:59 AM IST
تصویر: پریس ریلیز