نئی دہلی: لال قلعہ سے اپنا چوتھاخطاب کرتے وقت وزیر اعظم کے لباس،جوش، زبان اور اعتماد میں کوئی کمی نہیں تھی لیکن ان کے خطاب میں ملک کی عوام کے لئے کچھ بھی نیا نہیں تھا۔ عوام تین سال سے یہ سب باتیں سنتی آ رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران جہاں سدرشن چکر، ارجن اور رام کا ذکر کیا وہیں اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے بھارت ماتا کی جئے اور وندے ماترم کے نعرے لگائے ۔اپنے خطاب کے ذریعہ انہوں نے واضح کر دیا کہ وہ اب 2019 کے عام انتخابات کی تیاری میں مصروف ہیں۔ پوری طرح سے اپنے انتخابی خطاب میں وزیر اعظم نے تین طلاق کا مدا اٹھایا اور یہ وہ مدا ہے جو پہلے سے ہی عدالت میں زیر التوا ہے اور یہ بڑا سوال ہے کہ جو معاملہ عدالت میں زیر غور ہو اس کو وزیر اعظم کو اپنے خطاب میں اٹھا نا چاہئے یانہیں۔ انہوں نے کہا جن بہنوں نے تین طلاق کے معاملے کو تحریک کی شکل دی ہے اس میں پورا ہندوستان ان کے ساتھ ہے۔موب لنچنگ معاملوں کی کوئی سیدھی مذمت نہیں کی بلکہ محض اشاروں میں کہا کہ عقید ہ کے نام پر تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے لال قلعہ سے چین اور پاکستان کو تو کوئی پیغام نہیں دیا لیکن کشمیر کے معاملہ پر ایک نیا نعرہ ضرور دیا ہے "گولی سے نہ گالی سے مسئلہ حل ہوگا کشمیریوں کو گلے لگانے سے۔" اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑائی میں پوری دنیا ہندوستان کے ساتھ ہے۔ گورکھپور میں معصوم بچوں کی موت پر سیدھا کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے اس کا ذکر قدرتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان سے جوڑکر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس پر نہ تو سیدھے کسی قسم کی تشویش کا اظہار کیا اور نہ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ایسے حادثات نہ ہوں ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر یہ تاثر دینے کی کوشش کی جیسے گزشتہ حکومتوں کے دور میں کچھ نہیں ہو رہا تھا اور ااب انہوں نے گاڑی کو صحیح ٹریک پر موڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب چلتا ہے کا زمانہ چلا گیا اب تو بدلا ہے، بدل رہا ہے اور بدلے گا کا زمانہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نوٹ بندی اور کالے دھن کے خلاف کی جانے والی کارروائی پر پھر سے وہی پرانی باتیں دہرائیں ۔ اپنے خطاب میں جہاں انہوں نے سرکار کی تمام اسکیموں پر روشنی ڈالی وہیں کسانوں کے تیئں اپنی فکر کا اظہار کیا ۔ 2019 کے انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سماج کے ہر طبقہ سے مخاطب ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے جی ایس ٹی کو ایک بڑا قدم بتاتے ہوئے کہا کہ اس سےملک کو بڑا فائدہ ہوگا۔ پاکستان کی جانب سے ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھلے ہی کوئی کمی نہ آئی ہو لیکن وزیر اعظم نےسرجیکل اسٹرائک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پر پوری دنیا نے ہندوستان کا لوہا مانا ہے۔
Published: 15 Aug 2017, 10:50 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Aug 2017, 10:50 AM IST
تصویر @revanth_anumula