رمضان المبارک کے مہینے کا فرزندان توحید کو ہمیشہ بے صبری سے انتظار رہتا ہے اور اس کا تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں۔ رمضان کی وجہ سے پورے ملک کے ساتھ مظفرنگر کے بازاروں کی بھی رونق دیکھتے ہی بنتی ہے، ہر طرف جذبہ ایمان کی رونقیں صاف نظر آ رہی ہیں۔ رمضان کی آمد سے کاروباری طبقہ بھی بے حد خوش نظر آ رہا ہے۔
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
’قومی آواز‘ نے کچھ روزے داروں سے بات کی اور ان کے خیالات کو جانا۔ 46 سالہ فاروق میواتی نے کہا کہ انہین یاد ہی نہیں کہ پہلی مرتبہ کب روزہ رکھا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس وقت اتنا چھوٹا تھا کہ مجھے یاد ہی نہیں کہ پہلا روزہ کب رکھا تھا۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ میں نے کبھی روزہ نہیں چھوڑا۔ ماہ رمضان میں دوپہر کے بعد میں گھر سے کم ہی نکلتا ہوں، اس مہینہ میں میری کوشش ہوتی ہے کہ کام سے علیحدہ رہ کر زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاروں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’اللہ کا کرم ہے کہ کسی طرح کا گھریلو مسئلہ رمضان میں پیش نہیں آیا۔ اللہ غیب سے مدد کرتا ہے اور کاروبار میں خود بخود تیزی آجاتی ہے۔‘‘
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
قصبہ میرانپور سے تعلق رکھنے والے ایم بی اے کے طالب علم محمد وقار کے مطابق رمضان کے مہینہ میں انہیں بہت خوشی ملتی ہے اور وہ روزہ کبھی نہیں چھوڑتے۔ وہ بتاتے ہیں کہ ان کے کئی دوست روزہ نہیں رکھتے جس پر انہیں حیرت ہوتی ہے۔ وقار کا کہنا ہے کہ ’’میرے گھر میں مذہبی ماحول ہے اس لئے روزہ کبھی نہیں چھوٹا۔ عید کا مزہ بھی روزے دار کو ہی آتا ہے۔ میں 10 سالوں سے روزے رکھ رہا ہوں اور کبھی کوئی خاص پریشانی نہیں ہوتی۔ پچھلے سال تو روزہ کے دوران محنت کا کام بھی کرنا پڑا تھا لیکن تھکان بالکل نہیں ہوئی۔ ایک مہینہ کے لئے زندگی بالکل تبدیل ہو جاتی ہے۔ اس مرتبہ گرمی زیادہ ہے تو میں دوپہر کے وقت گھر سے باہر کم ہی نکلتا ہوں۔ ‘‘
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
سبزی کے کاروباری حاجی انور قریشی کے مطابق اس مہینہ وہ اپنے کاروبار پر زیادہ دھیان نہیں دیتے اس کے باوجود خوب برکت ہوتی ہے۔ حاجی انور نے کہا ’’پہلی مرتبہ 9 سال کی عمر میں میں نے روزہ رکھا تھا، اس وقت بھی رمضان میں گرمی ہوتی تھی۔ امی نے خوب منع کیا اور کہا کہ ضد مت کروں لیکن میں نہیں مانا اور روزہ رکھا۔ اب اسی طرح ہمارے بچے بھی روزے رکھ رہے ہیں۔ ہمارے گھروں میں اے سی لگے ہوئے ہیں، باہر زیادہ نہیں نکلتے اس لئے کوئی خاص پریشانی نہیں ہوتی۔ کاروبار میں بھی خوب خیرو برکت ہوتی ہے۔ ‘‘
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
رمضان کے مہینہ میں لوگ کپڑے بھی خوب خریدتے ہیں۔ کپڑے کی دکان چلانے والے انوار احمد کہتے ہیں کہ دینی اور دنیاوی نظریہ سے رمضان ان کے لئے رحمت والا مہینہ ہے۔ اس ماہ ان کا کاروبار کئی گنا بڑھ جاتا ہے، وہ کہتے ہیں، ’’رمضان کا مہینہ میرے لئے ہر طرح سے رحمت لے کر آتا ہے۔ ایک تو اس مہینہ اللہ کے فضل و کرم سے کاروباری فائدہ بہت ہوتا ہے دوسری طرف ایمان میں بھی تازگی آ جاتی ہے۔ ہمارے لئے عید سے بڑی خوشی کے علاوہ اور کوئی موقع نہیں ہوتا۔ خاندان میں 9 ارکان ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ وہ سبھی لوگ روزہ رکھتے ہیں اور جب سب ایک ساتھ دستر خوان پر بیٹھ کر روزہ کھولتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔ ‘‘
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 May 2019, 7:10 PM IST
تصویر: پریس ریلیز