نئی دہلی: مسلمانوں سے داعیانہ کردار اپناتے ہوئے ہمت و حکمت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات بڑے نازک ہیں، لیکن مسلمانوں کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ اس سے بھی زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں۔ انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے جاری ہونے والے پندرہ روزہ آن لائن خطبات سلسلہ ’دعوتِ فکر و عمل‘ کا آغاز کرتے کہا کہ مسلمانوں کو پریشان ہونے کے بجائے ہمت اور حکمت کے ساتھ موجودہ حالات کے مقابلے کے لیے فکر مند ہونا چاہیے اور مناسب تدبیر اختیار کرنی چاہیے، بطور خاص ملک کے ہر ایک فرد تک حق کا پیغام پہنچانا چاہیے، اور داعیانہ کردار کے ساتھ زندگی گزارنا چاہیے، یہ ہمارا دینی اور ایمانی فریضہ ہے، وقت اور حالات کا اہم تقاضہ بھی!
Published: undefined
مولانا رابع حسنی ندوی نے ملک کے تمام باشندوں کو انسانیت کا پیغام دیا اور انہیں اس جانب توجہ دلائی کہ کوئی بھی ملک انسانیت اور اخلاق کے ذریعے ترقی کرتا ہے، ہمارا یہ ملک مختلف مذاہب اور مختلف طبقات کا گہوارہ ہے، یہ ملک اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے جب تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کو اپنا سمجھیں، ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کریں، اور باہم مل جل کر زندگی گزاریں۔ موصوف نے یہ بات بھی کہی کہ مسلمان ملک کی ترقی چاہتے ہیں، وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کا بھلا چاہتے ہیں اور دوسروں سے بھی اپنے ساتھ حسن سلوک کی توقع رکھتے ہیں۔
Published: undefined
اس موقع پر اپنے ایک بیان میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر محترم کا یہ فکر انگیز خطاب ایسا ہے جسے ہرمسلمان کو غور سے سننا چاہیے اور اس پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ نے سوشل میڈیا ڈیسک قائم کر کے اس بات کی کوشش کی ہے کہ مسلمانان ہند کو بورڈ کی سرگرمیوں سے واقف کروایا جائے اور مسلم پرسنل لا بورڈ، تحفظ شریعت، وحدت ملت اور اصلاح امت کا جوگراں قدر کارنامہ انجام دے رہا ہے، اسے ملک میں بسنے والے لوگوں تک پہنچایا جائے، مختلف سوشل اکاؤنٹس کے ذریعے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے پیغام کوعام کیا جائے اور مسلمانوں میں پھیلی ہوئی سماجی برائیوں کی نشاندہی اور ان سے دور رہنے کی تلقین کی جائے۔
Published: undefined
مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ اللہ کی مہربانی ہے کہ سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے کئی اہم سلسلے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اور لوگ ان سے بڑی تعداد میں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اب ڈیسک کی جانب سے ایک نیا اور اہم سلسلہ آن لائن خطبات بنام ”سلسلہ دعوتِ فکر و عمل“ کا شروع کیا جارہا ہے، جس کا افتتاح گزشتہ شب حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی نے کیا۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ اگلا خطاب آل انڈیا مسلم پر سنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانی کا ہوگا، جو ملک کے موجودہ حالات میں چشم کشا اور بصیرت افروز ثابت ہوگا۔ اپنے بیان کے آخر میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے اس بات کی گزارش کی ہے کہ مسلمانان ہند سوشل میڈیا ڈیسک سے جڑیں اور آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے پیغام کو دیر تک اور دورتک پہنچائیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز