بی جے پی حکمراں ریاستوں میں بد امنی اور قتل و غارت گری اپنی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ عام آدمی ہی نہیں، سیاستداں اور پولیس افسر تک کی زندگی محفوظ نہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں کے اندر بی جے پی حکمراں ریاستوں اتر پردیش، مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کے اندر جس طرح قتل کے واقعات سامنے آئے ہیں، اس پر ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے اور اب مدھیہ پردیش کے گوالیر میں ایک ماں بیٹی کا بہیمانہ قتل کر دیا گیا ہے۔
Published: undefined
بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش میں کچھ بدمعاشوں نے گھر میں گھس کر ایک ماں-بیٹی کو بہیمانہ طور پر قتل کر دیا۔ اس بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل لوٹ پاٹ کا واقعہ انجام دینے کے بعد کیا گیا ہے۔ قتل سے پہلے بدمعاشوں کے ساتھ مزاحمت کے نشانات بھی مقتولین کے جسم پر پائے گئے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ سوسائٹی کے اندر یہ جرم انجام دیا گیا اور قاتل فرار بھی ہو گئے۔ پولیس سوسائٹی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ ممکن ہے اس فوٹیج سے کچھ سراغ ہاتھ لگ جائے، جس کی بنا پر ملزمین کو پکڑنا آسان ہو۔
Published: undefined
مقتولہ ماں اندوپوری کی عمر 80 سال اور ان کی بیٹی رینا بھلا کی عمر 55 سال بتائی جا رہی ہے۔ ان کی لاشیں ان کے فلیٹ نمبر-322 سے برآمد ہوئی ہیں۔ وہاں رہنے والوں نے بتایا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی چوری کے واقعات سوسائٹی میں ہو چکے ہیں۔ مقتولین کے اہل خانہ نے بتایا کہ ان کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، پھر بھی انہیں قتل کر دیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔ پولیس نے قصورواروں کی جلد از جلد گرفتاری کا یقین دلایا ہے اور انھیں سخت سزا دلانے کا بھروسہ بھی دیا ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل مہاراشٹر میں بوقت شام مشہور و معروف این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ چھتیس گڑھ میں تو ایک کانسٹیبل پر کھولتا ہوا تیل ڈال دیے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا اور وہ اب بھی موت و حیات کی جنگ لڑنے پر مجبور ہے۔ اس کانسٹیبل کے ساتھی سینئر کانسٹیبل کی بیوی اور بچوں کو گھر سے اغوا کر کے قتل بھی کر دیا گیا جس سے مقامی لوگوں میں زبردست اشتعال دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اتر پردیش کے بہرائچ میں مذہبی جلوس کے دوران ہوئے تصادم نے بھی بی جے پی حکومت میں سیکورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ ان تمام واقعات کو لے کر اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی پر حملہ آور نظر آ رہی ہیں۔ اپوزیشن لیڈران کا الزام ہے کہ بی جے پی حکومتیں لاء اینڈ آرڈر کو سنبھالنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined