قومی خبریں

بی جے پی ملک کو نہیں آر ایس ایس کو مضبوط کر رہی ہے: ملائم

بی جے پی ملک کو نہیں آر ایس ایس کو مضبوط کر رہی ہے: ملائم

Getty Images
Getty Images 

لکھنؤ: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو نے گرام سرائے گوپال (قنوج) میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران ریاستی اور بی جے پی حکومت پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت میں کوئی مضبوط نہیں ہوا ہے، سوائے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے۔ اس حکومت میں مہنگائی اور بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘ ملائم سنگھ نے کہا کہ اسپتالوں میں بچوں کی موتیں ہو رہی ہیں لیکن حکومت نیند کی آغوش میں ہے۔ بی جےپی حکومت ذات اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کو فروغ دے رہی ہے جس سےریاست ہی نہیں ملک کا بھی ماحول کشیدہ ہو رہا ہے۔

ملائم سنگھ نے مرکزی حکومت کی چین سے متعلق پالیسی پر بھی سوالیہ نشان لگایا اور کہا کہ ملک کو پاکستان سے نہیں چین سے خطرہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ ہمارا کچھ بگاڑ سکے لیکن چین نے ملک کا تقریباً ایک لاکھ اسکوائر کلو میٹر خطے پر قبضہ کر لیا ہے اور اب حملے کی تیاری میں ہے۔ ملائم سنگھ کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے جس کا خمیازہ جلد ہی ملک کے عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج چین کو منھ توڑ جواب دینے کے قابل ہے لیکن حکومت نے اس کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔ چین دھوکے باز ہے، اس سے بات چیت نہیں کی جانی چاہیے بلکہ اسی کی زبان میں جواب دینا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ فوج کو کھلی چھوٹ دے۔ اگر ایسا ہوا تو کسی کی ہمت نہیں کہ ملک کی زمین پر قدم بھی رکھ سکے۔

عوام سے خطاب کے دوران سماجوادی پارٹی کے سرپرست نے یہ بھی کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو ہندوؤں اور مسلمانوں میں کوئی تفریق نہیں کی گئی۔ سبھی کو یکساں مواقع اور روزگار دیے گئے۔ صحت کے شعبہ میں بھی کام کیے گئے۔ لیکن آج ریاست میں مذہبی تشدد پھیلا ہوا ہے۔ اسپتال میں لاپروائی کے سبب بچوں کی موت ہو رہی ہے لیکن حکومت کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھا رہی۔ بی جے پی کو سمجھنا چاہیے کہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہوتی ہے، ان میں تفریق پیدا کرنے کے لیے نہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined