سماجوادی پارٹی کے محافظ ملائم سنگھ یادو کی طبیعت ہنوز نازک بنی ہوئی ہے۔ گروگرام کے میدانتا اسپتال نے اس سلسلے میں آج جو ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے اس میں بتایا ہے کہ آئی سی یو میں ان کا علاج چل رہا ہے اور وہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ انھیں اب بھی حیات بخش دوائیں دی جا رہی ہیں۔
Published: undefined
ملائم سنگھ کی خراب طبیعت کے پیش نظر ان کی عیادت کرنے والوں کا سلسلہ بھی میدانتا اسپتال میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آج سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ ایس ٹی حسن نے بھی میدانتا اسپتال کا دورہ کیا۔ ملائم سنگھ کی عیادت کے بعد انھوں نے میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملائم سنگھ یادو کو اس وقت دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی ملائم سنگھ یادو کی عیادت کے مقصد سے اسپتال کا دورہ کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندر مودی، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملائم سنگھ کے بیٹے اکھلیش یادو سے فون پر ان کا حال چال معلوم کیا تھا۔
Published: undefined
اس درمیان آج اس وقت اسپتال میں ایک جذباتی ماحول دیکھنے کو ملا جب سماجوادی پارٹی کے کئی کارکنان اسپتال پہنچے اور وہاں اکھلیش یادو کو دیکھ کر رونا شروع کر دیا۔ جذباتی لہجے میں سماجوادی پارٹی کارکنان نے اکھلیش یادو سے کہا ’’بھیا، بابو جی کو بچا لیجیے۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ ملائم سنگھ یادو گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل ہیں۔ گزشتہ اتوار کو آکسیجن کی سطح گر جانے اور بلڈ پریشر بڑھ جانے کے سبب ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی۔ ملائم کی خرابیٔ طبیعت کی خبر ملتے ہی اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو لکھنؤ سے فوراً دہلی پہنچے تھے۔ گزشتہ پانچ دنوں سے ملائم سنگھ کی طبیعت ویسی ہی بنی ہوئی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined