قومی خبریں

’مختار کو زہر دیا گیا، ہمارے پاس پختہ ثبوت‘، بھائی کی موت کے بعد افضال انصاری کا پہلا رد عمل آیا سامنے

افضال انصاری نے اپنے بھائی مختار انصاری کی موت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک بار ذمہ داران سے پوچھیے گا کہ 26 تاریخ کو انھیں میڈیکل کالج کیوں بھیجا گیا تھا۔

مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس
مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس 

مختار انصاری کی موت کو لے کر کئی طرح کے سوال اٹھ رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا بتائی جا رہی ہے، لیکن اہل خانہ اس موت کے پیچھے کسی سازش کا اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں۔ اب مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انھیں زہر دیا گیا جس سے ان کی موت ہوئی۔ مختار انصاری کی موت کے بعد یہ افضال انصاری کا پہلا رد عمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وقت آئے گا تو ہمارے پاس یہ بتانے کے لیے پختہ ثبوت ہے کہ ان کو زہر دے کر مارا گیا ہے۔‘‘

Published: undefined

افضال انصاری نے اپنے بھائی کی موت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک بار ذمہ داران سے پوچھ لیجیے گا کہ 26 تاریخ کو انھیں میڈیکل کالج کیوں بھیجا گیا تھا۔ افضال کہتے ہیں کہ ’’جب ان کی طبیعت بگڑی تھی تو کسی طرح ان سے 5 منٹ کی ملاقات کا موقع ملا تھا۔ ہم نے گزارش کی تھی کہ اگر آپ ان کی طبیعت بہتر کرنا چاہتے ہیں تو ان کو وقت رہتے کہیں دوسری جگہ ریفر کر دیجیے۔ لیکن انھوں نے کہا کہ ہم تین چار دن میں ان کو بہتر کر دیں گے۔‘‘

Published: undefined

افضال کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب وہ مختار انصاری سے ملنے گئے تھے تو ان کے اندر بالکل بھی طاقت نہیں تھی، لیکن اس ملاقات کے دو گھنٹے بعد ہی ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ فِٹ ہیں۔ افضال نے سوال اٹھایا کہ جو شخص نہ پلنگ پر بیٹھ سکتا تھا، نہ کچھ کر سکتا تھا، اس کو 11 گھنٹے بعد ہی کیسی پوری طرح صحت مند بتا دیا گیا۔ افضال نے اس پورے معاملے کو ایک ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ ’’جہاں ایک طرف ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ فِٹ ہیں، وہیں مختار نے جب اپنے بیٹے سے بات کی تھی تو انھوں نے اسی درد بھری آواز میں کہا تھا کہ میرا جسم میرا ساتھ چھوڑ رہا ہے۔‘‘

Published: undefined

اس سے قبل مختار انصاری کے بیٹے عمر انصاری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ہمیں شبہ نہیں بلکہ یقین ہے کہ یہ فطری موت نہیں، منصوبہ بند قتل ہے۔ انھوں نے اس پورے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined