قومی خبریں

ایم پی: مندر کے احاطے میں 50 سال پرانی دیوار منہدم، دلخراش حادثہ میں 9 بچے جان بحق

مدھیہ پردیش کے ساگر میں اتوار کو ایک مندر کے قریب دیوار منہدم ہونے سے پیش آنے والے دلخراش حادثہ میں کم از کم 9 بچوں کی موت ہو گئی

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

 

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ساگر میں اتوار کو ایک مندر کے قریب دیوار منہدم ہونے سے پیش آنے والے دلخراش حادثہ میں کم از کم 9 بچوں کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق فوت ہونے والے بچوں کی عمر 9 سے 19 سال کے درمیان ہے۔ اس حادثہ کے دوران 4 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ راہلی اسمبلی حلقہ کے سانودھا تھانہ علاقے میں پیش اس وقت پیش آیا جب شاہ پور کے ہردول مندر میں بھاگوت کتھا کا پاٹھ اور بچوں کا مٹی کے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا۔

Published: undefined

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا اور اتوار کی چھٹی کے سبب کافی بچے اس میں حصہ لے رہے تھے۔ جس جگہ بچے بیٹھ کر شیولنگ بنا رہے تھے، وہیں، مندر کے احاطے کے ساتھ والی دیوار منہدم ہو گئی، جس میں کئی بچے دب گئے۔ لاشوں اور زخمی بچوں کو جے سی بی سے ملبہ ہٹا کر باہر نکالا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دیوار تقریباً 50 سال پرانی تھی۔ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی راہلی اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر گوپال بھارگو موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ انتظامی افسران اور پولیس عہدیدار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

Published: undefined

کلکٹر دیپک آریہ نے بتایا کہ بچے تقریب کے مقام پر بنائے گئے خیمے میں کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد اچانک مندر کے احاطے سے متصل دیوار گر گئی، جس میں دو بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس انتظامیہ نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا تاہم کچھ اور بچے راستے میں ہی دم توڑ گئے جب کہ کچھ اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گئے۔ کل 9 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Published: undefined

وزیر اعلیٰ موہن یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ، ’’آج ساگر ضلع کے شاہ پور میں ہوئی شدید بارش کے سبب بوسیدہ مکان کی دیوار گرنے سے 9 بچوں کی ناگہانی موت کی خبر سن کر دل پریشان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمی بچوں کو مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ خدا سے دعا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ میں حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ میں ان خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے معصوم بچوں کو کھو دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جان بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کو فی کس 4 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined