قومی خبریں

راہل گاندھی نے ملک سے غریبی ختم کرنے کے لیے تیار کیا زبردست منصوبہ

کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ہر غریب خاندان کی کم از کم آمدنی ماہانہ 12 ہزار ہونی چاہیے اور برسراقتدار آنے پر کانگریس اس بات کو یقینی بنائے گی۔ پی چدمبرم اس پروجیکٹ پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔

کانگریس صدر راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی 

کانگریس صدر راہل گاندھی نے غریبوں کے حق میں ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کانگریس برسراقتدار ہوئی تو سب سے غریب خاندانوں کو ہر سال 72 ہزار روپے تک دیئے جائیں گے۔ راہل نے یہ اعلان دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کے 5 کروڑ خاندان اور تقریباً 25 کروڑ لوگ اس فیصلے سے براہ راست مستفید ہو سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس تعلق سے پورا حساب کتاب لگا لیا گیا ہے اور غریبی کو جڑ سے مٹانے کے لیے وہ پرعزم ہیں۔ راہل گاندھی نے اس منصوبہ کو پوری دنیا میں اپنی طرح کا واحد منصوبہ قرار دیا۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملک کے 20 فیصد سب سے غریب خاندانوں کے اکاؤنٹس میں 72 ہزار روپے تک سالانہ بھیجے جائیں گے تاکہ ملک میں غریبی اور امیری کے درمیان موجود دوری کو ختم کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پی ایم نریندر مودی ملک کے سب سے امیر لوگوں کا قرض معاف کر سکتے ہیں تو کانگریس پارٹی بھی لوگوں کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈال سکتی ہے۔

Published: undefined

منصوبے کے تعلق سے تفصیل بتاتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ تصور کر لیجیے اگر کسی فیملی کی آمدنی 6 ہزار ہے تو کانگریس کی حکومت بننے پر اسے 6 ہزار روپے مزید ملیں گے تاکہ کم از کم آمدنی 12 ہزار روپے ہو جائے۔ کانگریس صدر نے مزید تشریح کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر کسی کی آمدنی 12 ہزار روپے سے کم ہے تو ہم اس شخص کی آمدنی کو 12 ہزار روپے تک پہنچا دیں گے۔ ہم لوگوں کو غریبی سے نکالنا چاہتے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے اس تعلق سے پریس کانفرنس میں موجود لوگوں کو بتایا کہ کانگریس پارٹی غریبوں کو انصاف دلانے کا کام کرنے جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں جہاں بھی جاتا ہوں تو لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کم از کم آمدنی کا دائرہ کیا ہوگا اور کتنے لوگوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ کانگریس چاہتی ہے لوگوں کی کم از کم آمدنی 12 ہزار روپے مہینہ تک ہو اور ایسا کرنے کے لیے غریب لوگوں کو سالانہ 72 ہزار روپے تک سیدھے اکاؤنٹ میں بھیجے جائیں گے۔‘‘

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی اس منصوبے پر گزشتہ چار پانچ مہینے سے غور کر رہی ہے۔ دنیا کے بہترین ماہرین معیشت کے ذریعہ پوری تفصیل سے اس کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ یہ ’فسیکل پروڈینٹ اسکیم‘ ہوگی اور اس کو ہم سلسلہ وار طریقے سے نافذ کریں گے۔ راہل گاندھی نے بتایا کہ سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم اس پورے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں اور پہلے یہ منصوبہ پائلٹ پروجیکٹ کی شکل میں چلایا جائے گا، پھر پورے ملک میں اس کو نافذ کیا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined