آسنسول: مغربی بنگال کی آسنسول لوک سبھا سیٹ کے لئے انتخابی میدان میں دو شخصیات من من سین اور بابل سپریو کے درمیان زبردست انتخابی جنگ چھڑی ہے۔
آسنسول سے موجودہ ایم پی بابل سپریو اس سیٹ پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لئے مصروف عمل نظر آ رہے ہیں، جبکہ بانكرا سے ممبر پارلیمنٹ مُن مُن سین بھی بابل کی سیٹ چھیننے کی فراق میں ہیں۔ بنگلہ فلم انڈسٹری ’تالی ووڈٖ‘ کی آئکن سچترا سین کی بیٹی اور بنگالی فلموں کے ساتھ ہی بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے والی من من سین نے سیاست میں بھی دھماکہ خیز انٹری کی تھی، من من سین نے 2014 کے عام انتخابات میں بانكرا لوک سبھا سیٹ سے ترنمول کانگریس امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا اور یہاں سے نو بار ایم پی رہے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے واسودیو آچاریہ کو شکست دے کر اپنی پہلی انتخابی کامیابی حاصل کی۔ آچاریہ 1980 سے مسلسل ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے تھے، لیکن من من سین کے ہاتھوں شکست کھا گئے اور بانكرا میں سی پی ایم کا راج ختم ہو گیا۔
ترنمول کانگریس نے اس بار من من سین کو آسنسول میں امیدوار بنایا ہے اور وہ بابل سپریو کو چیلنج کرنے کے موڈ میں ہیں۔ اگرچہ اس بار من من سین کے لئے آسنسول کی سیٹ پر قبضہ کر پانا اتنا آسان بھی نظر نہیں آ رہا۔ ممبئی کے ریکارڈنگ اسٹوڈیو سے پارلیمنٹ تک کا سفر طے کرنے والے بابل سپریو نے 2014 میں اس دور میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے الیکشن لڑا اور جیت حاصل کی۔ اس وقت جب مغربی بنگال میں بی جے پی کو صرف دو ہی نشستیں ہاتھ لگی۔ ان میں ایک نشست آسنسول کی تھی، جہاں سے سپریو نے جیت کا پرچم لہرایا۔
Published: undefined
بابل سپریو نے اپنے خلاف من من سین کو ترنمول کانگریس کی امیدوار کے طور پر اعلان کیے جانے پر دلچسپ تبصرہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہاتھا،’’ممتا جی سین کو ہی میرا حریف بناتی آرہی ہیں، سال 2014 میں ڈولا سین اور اب 2019 میں من من سین‘‘۔ لوریٹو کانونٹ شیلانگ اور لوریٹو ہاؤس، کولکاتا کی سابق طالبہ من من سین نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، جہاں عمران خان (فی الحال پاکستان کے وزیر اعظم) ان کے کلاس فیلو رہے تھے۔ انہوں نے بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے علاوہ بنگالی، ہندی، تمل، تیلگو، ملیالم، مراٹھی اور کنڑ فلموں میں بھی کام کیا ہے، دوسری طرف بابل سپریو گلوکاری میں مشہور ہیں اور بنگلہ اور ہندی میں کئی گیتوں کو اپنی آواز دی ہے۔
سال 2014 کے عام انتخابات میں مغربی بنگال میں محض دو سیٹ حاصل کرنے والی بی جے پی ریاست میں اپنا مینڈیٹ اور نشستوں کی تعداد بڑھانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، وہیں ترنمول کانگریس بی جے پی کو اس کی دو نشستوں سے بھی بے دخل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور آسنسول سے سپریو کے مقابلے من من سین کو کھڑا کرنا اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
سال 2014 کے انتخابات میں آسنسول سیٹ سے ترنمول کانگریس کی امیدوار ڈولا سین کو شکست دے چکے سپریو اس بار بھی اپنی جیت کے لئے پر اعتماد ہیں، جبکہ من من سین کا دعوی ہے کہ یہاں ترنمول کی لہر ہے اور ان کی جیت یقینی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز