قومی خبریں

’مودی لہر کہیں نہیں‘، بی جے پی امیدوار نونیت رانا کے بیان پر جئے رام رمیش نے کہا ’ہم تو یہ کئی ہفتوں سے کہہ رہے‘

امراوتی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار نونیت رانا کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے حامیوں سے کہتی نظر آ رہی ہیں کہ سبھی ووٹنگ کے دن محنت کریں کیونکہ اس بار مودی لہر کہیں نہیں ہے۔

نونیت رانا، تصویر آئی اے این ایس
نونیت رانا، تصویر آئی اے این ایس 

مہاراشٹر میں امراوتی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار نونیت رانا کے ایک بیان نے بی جے پی اور مودی حمایت کا دَم بھرنے والے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ دراصل ان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے حامیوں سے کہہ رہی ہیں کہ سبھی ووٹنگ کے دن محنت کریں کیونکہ اس بار مودی لہر کہیں نہیں ہے۔ نونیت رانا کے اس بیان نے اپوزیشن لیڈران کو بولنے کا بہترین موقع دے دیا ہے۔ جئے رام رمیش نے اس ویڈیو کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہم یہ کئی ہفتوں سے کہہ رہے ہیں، اور اب وہ بھی یہی کہہ رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’بی جے پی امیدوار نونیت رانا نے کہا ہے کہ مودی لہر کہیں نہیں ہے۔ کچھ ہی ہفتوں میں وہ (بی جے پی والے) بھی سچ جان جائیں گے۔ اس بار مودی کے خلاف لہر ہے۔‘‘

Published: undefined

دراصل نونیت رانا ویڈیو میں ایک تقریر کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ امراوتی میں وہ پارٹی کارکنان سے کہتی نظر آ رہی ہیں کہ وہ اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ پی ایم مودی کی ہوا ہے۔ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ 2019 میں پی ایم مودی کی ہوا تھی تب میں آزاد امیدوار کے طور پر جیت کر آئی تھی، اس لیے موجودہ الیکشن کو ہلکے میں نہیں لینا ہے۔ پی ایم مودی کی ہوا کی غلط فہمی میں کوئی نہ رہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ نونیت رانا نے 2019 میں امراوتی لوک سبھا سیٹ سے بطور آزاد امیدوار کامیابی حاصل کی تھی۔ حالانکہ انھیں غیر منقسم این سی پی کی حمایت ملی تھی۔ انھوں نے شیوسینا امیدوار کو شکست دی تھی جس کو بی جے پی کی حمایت حاصل تھی۔ اس مرتبہ نونیت رانا خود بی جے پی امیدوار کی شکل میں کھڑی ہیں اور انھیں انڈیا اتحاد کے مشترکہ امیدوار کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Published: undefined

بہرحال، نونیت رانا کے ذریعہ دیا گیا ’کوئی مودی لہر نہ ہونے‘ والا بیان اپوزیشن لیڈران کے لیے برسراقتدار طبقہ پر حملہ کا بہترین موقع ثابت ہو رہا ہے۔ این سی پی (شرد پوار گروپ) ترجمان مہیش تپسے نے کہا ہے کہ ’’نونیت نے جو کہا ہے وہ حقیقت ہے۔ بی جے پی خود جانتی ہے کہ مودی لہر نہیں ہے۔ یہ بی جے پی کے انداز سے بھی دکھائی دے رہا ہے۔ وہ ایک کے بعد ایک اپوزیشن لیڈران کو میدان میں اتار رہی ہے۔ جن لیڈروں پر انھوں نے بدعنوانی کے الزامات عائد کیے، انھیں امپورٹ کر رہی ہے۔‘‘ شیوسینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کے سرکردہ لیڈر سنجے راؤت نے بھی اس معاملے میں اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی لہر کے بارے میں بھول جائیے۔ کیا پی ایم مودی خود اپنی سیٹ جیت پائیں گے، یہ ایک بڑا سوال ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined